نامعلوم ملی ٹنٹوں کی طرف سے فائرنگ کے واقعے میں2 افراد کی ہلاکت:فوج
راجوری//جمعہ کوعلی الصبح راجوری ،پونچھ شاہراہ پر مشتعل لوگوں نے اُسوقت زبردست احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے شاہراہ کوبند کردیا،جب یہاں ایک فوجی کیمپ کے باہر ہوئی فائرنگ کی زدمیں آکر2مقامی شہری ہلاک اوراُتراکھنڈ کاایک شہری زخمی ہوگیا۔احتجاجی لوگوںنے الزام لگایاکہ تینوں افراد جب کام کرنے کیلئے آرمی کیمپ کے باہر پہنچے توالفاگیٹ پر تعینات سنتری نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی ،جسکے نتیجے میں 2معصوم شہری ازجان اورایک زخمی ہوگیا،تاہم فوج کی وائٹ نائٹ کور نے اپنے آفیشل ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ملٹری ہسپتال کے قریب راجوری میں صبح سویرے نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے کئی گئی فائرنگ کے واقعے میں2 افراد ہلاک ہوئے ۔اعلیٰ سیول ،پولیس وفوجی حکام نے جائے وقوع پر پہنچ کر احتجاجی لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی ،تاہم پورے راجوری قصبے میں اس واقعے کے بعدصورتحال کشیدہ ہوگئی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق حکام نے بتایا کہ جمعہ کی صبح جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ایک فوجی کیمپ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں2 شہری ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔حکام نے پہلے کہا تھا کہ فوج کے ایک سنٹری نے مبینہ طور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔جب کہ فوج نے فائرنگ اور اس کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں کے لیے نامعلوم دہشت گردوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔واقعے کے فوراً بعد مقامی باشندے سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی کیمپ کے الفا گیٹ کے باہر ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کچھ افرادنے پتھراؤ کیا۔حکام نے بتایا کہ سینئر سول اور پولیس افسران مشتعل مقامی لوگوں کو پرسکون کرنے کیلئے جائے وقوعہ پہنچے،جنہوں نے جموں پونچھ قومی شاہراہ کو بلاک کردیا اور اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ جمعے کوصبح تقریباًسوا6 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب مقامی لوگوں کا ایک گروپ کام کیلئے آرمی گیٹ کی طرف آرہا تھا۔ ایک ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ میں ایم اے گاڑی میں سفر کر رہا تھا اور آرمی کیمپ کے الفا گیٹ پر گولیوں کی کئی آوازیں سنی۔ڈرائیور کاکہناتھاکہ میں اپنی گاڑی کو پیچھے چھوڑ کر بچنے کے لئے بھاگا، بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ دو مقامی لوگ مارے گئے ہیں۔ حکام نے مرنے والوں کی شناخت کمل کمار اور سریندر کمار ساکنان راجوری کیبطور ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے اتراکھنڈ کے انیل کمار کو فوج نے اسپتال میں داخل کرایا ہے۔فوج کی وائٹ نائٹ کور نے اپنے آفیشل ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ملٹری ہسپتال کے قریب راجوری میں صبح سویرے نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کے واقعے میں2 افراد کی ہلاکت ہوئی ۔حکام نے بتایا کہ قصبے میں حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہیں۔ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اصل میں کیا ہوا اور 2مقامی افراد کی ہلاکت کاواقعہ کیسے پیش آیا۔










