سری نگر//جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں رواں موسم سرما کی دوسری سرد ترین رات ریکارڈکی گئی ،کیونکہ ایک بار پھررات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ وادی کے دیگر بیشتر علاقوں میں بھی پارہ نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔اس دوران حالیہ کئی دنوںکی طرح بدھ کوبھی پوری کشمیروادی میں دن کے وقت دھوپ نکلی تاہم سردہوائیں چلتی رہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق رواں ماہ کی 5تاریخ کو سری نگرمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی3.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کے بعدمنگل اور بدھ کی درمیانی رات پھرایک مرتبہ شہر سری نگرمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،یوں رواں ماہ سری نگرمیں دوسری مرتبہ سردترین رات رہی ۔گزشتہ اتوار سے موسم خشک اور آسمان صاف رہنے کے بعد کشمیر میں شدید سردی نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے جبکہ موسمیات کے ماہر نے اس ماہ کے آخر تک موسمی حالات میں کوئی خاص تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی رات کشمیر کے مختلف علاقوںمیں درج کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی تفصیلات جاری کی گئیں ،جن میں بتایاگیا کہ گزشتہ رات سری نگر میں دوسری مرتبہ رواں موسم کی سرد ترین رات رہی اور رات کاکم سے کم پارہ منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ یہاں 5دسمبر کوبھی رات کاکم سے کم درجہ درجہ حرارتی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگرمیں رات کا پارہ منفی 2.2ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا،یوں شبانہ درجہ حرارت میں مزید 1.2ڈگری سینٹی گریڈ کمی درج ہوئی ،جوکہ معمول سے 2.4ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوںنے کہاکہ پہلگام میں گزشتہ رات کاکم سے کم پارہ منفی5.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جبکہ مشہورسیاحتی مقام گلمرگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ کپواڑہ میں رات کا درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ایک ماہرموسمیات فیضان عارف نے بتایا کہ پیش گوئی کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ماہ دسمبر کے آخر تک کسی برف وباراں کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔










