لوک سبھا اورراجیہ سبھامیں اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی،حکومت سے وضاحت طلب
سری نگر//ارونا چل پردیش کے سرحدی علاقے توانگ میں چینی فوج کی دراندازی کے معاملے کولیکر اپوزیشن ارکان نے منگل کی صبح پارلیمان کے دونوںایوانوں یعنی لوک سبھا اورراجیہ سبھا میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے حکومت سے اس حساس معاملے پر فوری بیان دینے کامطالبہ کیا۔اسپیکر لوک سبھا اوم برلا اوراجیہ سبھا کے ڈپٹی اسپیکر ہری ونش نے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے چلتے دونوںایوانوںکی کارروائی کو12بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق 9دسمبر کوریاست اروناچل پردیش کے سرحدی علاقے توانگ میں چینی فوج کی دراندازی اوراسکے نتیجے میں بھارت اور چینی فوج کے درمیان ہوئی تصادم آرائی کے معاملے کواپوزیشن کے ارکان نے لوک سبھا اورراجیہ سبھا میں اُٹھاتے ہوئے اس معاملے پر فوری بحث کامطالبہ کیا ۔اپوزیشن ممبرا ن نے دونوںایوانوںمیں چینی فوج کی دراندازی کے معاملے پر خاصا شور شرابہ بھی کیا ۔جہاںکانگریس کے منیش تیواری نے اس معاملے پر بحث کیلئے لوک سبھامیں نوٹس دیا،وہیں اسی پارٹی کے رندیپ سرجے والا او ر ناصرحسین نے راجیہ سبھا میں اسی طرح کانوٹس دیتے ہوئے توانگ سیکٹر میں چینی فوج کی گھس بیٹھ اوراسکے بعدچینی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان ہوئی لڑائی پر فوری بحث کرانے کامطالبہ کیا۔منوج تیواری نے کہاکہ توانگ میں ہندوچین افواج کے درمیانی جھڑپ ایک سنگین مسئلہ ہے ،جس پر اس ایوان میں بحث کرانے کی ضرورت ہے ۔رندیپ سرجے والا نے راجیہ سبھامیںنوٹس دیتے ہوئے کہاکہ تمام کام چھوڑ پر اس ایوان میں پہلے اسی معاملے پر بحث ہونی چاہئے ،اور ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیاکہ وزیراعظم اور وزیر دفاع اس بارے میں بیان دیں ۔راجیہ سبھا کے ڈپٹی اسپیکر ہری ونش نے ایوان میںاپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑکے کو اپنا بیان پڑھ کر سنانے کوکہا۔انہوںنے ایوان میں چینی فوج کی بلاجواز اورغیرقانونی حرکت کامعاملہ اُٹھاتے ہوئے حکومت سے بیان دینے کوکہا۔اس ایوان کے قائد پیوش گوئل نے کہاکہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اس معاملے پرراجیہ سبھامیں وقفہ سوالات کے دوران بیان دیں گے ،تاہم کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن راجیہ سبھا پی چدمبرم نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کوچینی دراندازی کے معاملے پرایوان میں بحث کرانے کے اپنے موقف کوواضح کرنا چاہئے ۔اس دوران ڈپٹی اسپیکر راجیہ سبھا ہری ونش نے جب ایوان کی کارروائی معمول کی طرح چلانے کی کوشش کے تحت ایوان کے میز پر ضروری دستاویزات رکھوائے تو اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شورشرابہ اور نعرے بازی شروع کردی اوراپوزیشن ارکان کی اس ہنگامہ آرائی کے بعدڈپٹی اسپیکر نے راجیہ سبھاکی کارروائی دن کے12بجے تک ملتوی کردی ۔اُدھر لوک سبھا میں منیش تیواری کی نوٹس پر جب ارونا چل پردیش کے سرحدی علاقے توانگ میں چینی فوج کی دراندازی کے معاملے پر بحث نہیں کرائی گئی تواپوزیشن ممبران نے یہاں بھی شورشرابہ شروع کیاتو لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دن کے 12بجے تک ملتوی کردی ۔










