جموں / /مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اور مالیاتی مشیر خوراک اور عوامی تقسیم شانت منو نے آج افسران سے کہا کہ وہ بہتر اور پیشہ وارانہ انداز میں صارفین کی خدمت کریں تا کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اُنہوں نے یہ بات یہاں سول سیکرٹریٹ جموں میں ایف سی ایس اینڈ سی اے ڈیپارٹمنٹ کے کام اور کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے کہی ۔ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں ، ڈائریکٹر فائنانس ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ایڈیشنل سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ، جی ایم ایف سی آئی اور مرکزی وزارت خوراک اور عوامی تقسیم اور ایف سی ایس اینڈ سی اے کے دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران سپلائی پوزیشن ، آدھار سیڈنگ کی صورتحال، مارکیٹ چیکنگ ، آن لائن لین دین اور پی اوایس ، او این او آر سی لین دین ، بوگس راشن کارڈ کو حذف کرنے اور دیگر نکات پر تفصیلی بحث ہوئی ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شانت مانو نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ محکمہ کے مجموعی کام کاج کو بہتر بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت راشن کی فراہمی کیلئے جوش اور جذبے کے ساتھ کام کریں ۔ حکومت کی کامیابیوں کی وضاحت کرتے ہوئے شانت مانو نے کہا حکومت عوام کی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بڑی رقم خرچ کر رہی ہے ۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے ون نیشن ون راشن کارڈ سکیم کی ستائش کی اور کہا کہ اس کی وجہ سے ہجرت کرنے والے مزدور دیگر تمام شہریوں کے درمیان موسمی مزدور ملک میں کسی بھی جگہ راشن حاصل کرنے کے قابل ہیں ۔ بعد ازاں شانت مانو نے ایف سی آئی گودام چٹھہ کا بھی معائینہ کیا اور افسران سے کہا کہ وہ صارفین کو معیاری راشن کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ دورے کے دوران مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے فئیر پرائس شاپس کا بھی دورہ کیا جہاں ٹیم نے ایف پی ایس کو کنٹرول کرنے والے تمام پیرا میٹرز کو اچھی طرح سے چیک کیا اور ایف پی ایس کو تبدیل کرنے میں محکمہ کی کوششوں کی تعریف کی اور فائدہ اٹھانے والوں کے تجربے کو بڑھانے کیلئے تجاویز بھی دیں ۔










