جموں//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں شہری پانی کی فراہمی او رشہری سیوریج مینجمنٹ سے متعلق پروجیکٹوں کا جائزہ لیا گیا جو جاپان اِنٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ( جے آئی سی اے ) کی فنڈنگ کے تحت سپانسر کئے جانے کے لئے تجویز کئے گئے تھے۔میٹنگ میں سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈی نیشن جے ٹی ایف آر پی ، ڈائریکر ٹیکنیکل جے ٹی ایف آر پی ، سی ای او جے کے اِی آر اے ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن ، چیف اِنجینئر جل شکتی جموں / کشمیر ، یو اِی اِی ڈی کے نمائندے اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔میٹنگ میں جموں اور سری نگر کے شہریوں میں اَربن واٹر سپلائی اور اَربن سیوریج مینجمنٹ سے متعلق پروجیکٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ پروجیکٹوں کی تشخیصی اور ابتدائی لاگت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دھیر ج گپتا نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِن پروجیکٹوں کی کامیابی کے لئے مناسب مشاورت کے بعد مجوزہ جے آئی سی اے کے تحت شروع کئے جانے والے عارضی پروجیکٹوں کی فہرستوں او رابتدائی پروجیکٹوں کی رِپورٹوں کے ساتھ تیاررہیں۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے متعلقہ اَفراد سے کہا کہ وہ کئے جانے والے کاموں کی فہرست بنائیں او راَپنے متعلقہ ڈی پی آر میں ان کی عکاسی کریں تاکہ ان ڈی پی آر وں کو حتمی شکل دینے سے پہلے اِس کے مطابق ترمیم اور نظرثانی کی گنجائش رکھی جائے۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ سیوریج کے لئے لازمی رہنما خطوط پر عمل کریں اور اَپنے ڈی پی آر میں نئے اَصولوں اور رہنما خطوط کے ساتھ ترمیم کریں۔اِس سے قبل سیکرٹری پی ایم اینڈ پی ڈی نے میٹنگ کو جے آئی سی اے کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ ان پروجیکٹوں کا مقصد جموں اور سری نگر میٹروپولیٹن علاقوں کے رہائشیوں کے لئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹوں اور متعلقہ سہولیات کی تعمیرسے محفوظ اور مستحکم پانی کی فراہمی اور سیوریج خدمات فراہم کرنا ہے۔










