نوجوان اَفسران کو دہشت گردی ، سائبر خطرات اور اُبھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجوں کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے پر زور دِیا۔لیفٹیننٹ گورنر
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ایس کے پی اے اودھمپور میں پروبیشنری ڈِپٹی سپراِنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پی)، پروبیشنری سب اِنسپکٹروں اور فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس کے بہادر وں راشپال کمار اور بابی چندکو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرأت، ہمت،لگن اور عظیم ترین قربانی آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ رہے گی۔ اُنہوں نے ان کے اہلِ خانہ کو یقین دِلایا کہ پوری قوم ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود، وقار اور سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا،’’شہید کا گھر میرے لئے سب سے بڑا مندر اور زیارت گاہ ہے۔ میں ان کے اہلِ خانہ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ پوری قوم ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ یہ سچ ہے کہ کوئی معاوضہ ایک انمول جان کی تلافی نہیں کر سکتا۔ تاہم اِس بات کو یقینی بنانا ہماری ذِمہ داری ہے کہ قوم کے ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ باعزت اور باوقار زِندگی گزاریں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ انہیں تمام ضروری اِمداد ملے تاکہ ان کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور روشن رہے۔ ملک کا ہر شہری ان بہادر سپوتوں کی جرأت،ہمت، لگن اور عظیم ترین قربانی کو سلام پیش کرتا ہے۔‘‘اُنہوں نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے 74 اَفسران کو مُبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان نوجوان افسران نے قومی خدمت کا راستہ چنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کنبوںکے لئے بلکہ یونین ٹیریٹری کے لئے بھی ایک قابل فخرلمحہ ہے جس سے عوامی خدمت اور جرأت کی اس کی شاندار تاریخ میں ایک نئے باب کا اِضافہ ہوا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نو تعینات افسران سے خطاب کرتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ پولیسنگ اور ماحولیاتی تحفظ ایسی عظیم ذِمہ داریاں ہیں جو قربانی، لگن اور فرض کے گہرے احساس کا تقاضا کرتی ہیں۔ اُنہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، مشکل حالات میں امن و امان برقرار رکھنے اور کئی دہائیوں کی وقف خدمات اور قربانیوں کے ذریعے شہریوں کی حفاظت کرنے میں جموں کشمیر پولیس کے مثالی ریکارڈ کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ وردی کو فخر اور ذمہ داری کے ساتھ پہنیں اور اَپنے پیش روؤں کی قربانیوں کو یاد رکھیں۔اُنہو ںنے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی امن و ترقی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔اُنہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلسل کوششیں جموں کشمیر میں سلامتی اور استحکام کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’صرف مٹھی بھر غیر ملکی دہشت گرد باقی رہ گئے ہیں؛ جموں و کشمیر جلد ہی دہشت گردی سے پاک ہو جائے گا۔ دہائیوںسے ایسا ماحول بنایا گیا جس میں دکانیں، سکول اور کاروبار آدھے سال تک بندرہے، جموں و کشمیر میں موجود ’تصادم کے سوداگر‘ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کا کاروبار کر رہے تھے لیکن وزیر ِ اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں قوم نے ایک زوردار ضرب لگائی اور تصادم کے سوداگروں کی دکانیں بند ہو گئیں۔‘‘اُنہوں نے اُبھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجوں کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک جدید پولیسنگ طریقۂ کار کی ضرورت پر زور دیا جو سائبر خطرات، ڈیجیٹل بنیاد پرستی، ڈرون پر مبنی خطرات، منشیات سے جڑی دہشت گردی اور غیر روایتی جنگ کی دیگر شکلوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اُنہوںنے عصری سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تکنیکی مہارت، فرانزک صلاحیتوں، اِنٹلی جنس معلومات کے حصول اور بین الاداراتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،آج سکیورٹی کا خطرہ صرف بندوق سے نہیں بلکہ موبائل سکرین سے بھی آ سکتا ہے۔ اگر ہم آج کے چیلنجوں کا مقابلہ کل کے طریقوں سے کریں گے تو پیچھے رہ جائیں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہر جوان اور ہر آفیسر نہ صرف انسدادِ دہشت گردی میں بلکہ ڈیجیٹل ٹولز، فرانزک سائنس، سائبر فرانزک، ڈیجیٹل شواہد اور مانیٹرنگ ٹیکنالوجی میں بھی ماہر ہو۔‘‘اُنہوںنے کمیونٹی کی شمولیت اور مؤثر بیٹ پولیسنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد اچھی حکمرانی کی بنیاد ہے۔ اَفسران پر زور دیا گیا کہ وہ حساسیت، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری کے ساتھ خدمت کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا ایک اہم ترجیح رہنی چاہیے اور بہتر امن و امان نے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری، سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔منوج سِنہا نے کہا،’’گزشتہ 6 برسوں میں جموں و کشمیر میں امن کے شراکت داروںمیں اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر کا ہر شہری ایک محفوظ گھر، اچھی تعلیم، روزگار، کاروباری مواقع اور اَپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے پُرعزم ہے۔ اَب آپ کو نہ صرف ان کی سلامتی کا محافظ بننا ہے بلکہ ان کے اعتماد کا بھی محافظ بننا ہے۔‘‘اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے رسمی سلامی لی اور پریڈ کا معائینہ کیا۔ انہوں نے تربیت کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزازات سے بھی نوازا۔نوجوان افسران سے اَپنے فرائض لگن اور دیانتداری سے انجام دینے کا حلف لیا گیا۔اِس موقعہ پرقانون ساز اسمبلی کے اراکین پون کمار گپتا،بلونت سنگھ منکوٹیہ اور آر ایس پٹھانیہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو، ڈِی جی پی نلین پربھات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محکمہ چندرکر بھارتی،ڈائریکٹر جے اینڈ کے فارسٹ پروٹیکشن فورس سرویش رائے، ڈائریکٹر ایس کے پی اے اودھمپور ڈاکٹر محمد حسیب مغل، پولیس، سکیورٹی فورسز اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اورفارغ التحصیل ہونے والے افسران کے اہلِ خانہ موجود تھے۔










