سکینہ اِیتو نے نئی دہلی میں’ نیشنل سوشل جسٹس سمٹ ‘میں شرکت کی

سکینہ اِیتو نے نئی دہلی میں’ نیشنل سوشل جسٹس سمٹ ‘میں شرکت کی

طالبات پر خصوصی توجہ ، اسناد کے بروقت اجرأ اور سکالر شپ سکیموں تک بہتر رَسائی یقینی بنانے پر زور

نئی دہلی //وزیر برائے سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سشما سوراج بھون میں مرکزی برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے زیر اہتمام دو روزہ محکمانہ سمٹ ’ سماویشی نیتی سنکلپ‘ سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے طلبأ کو درپیش جغرافیائی، بنیادی ڈھانچے اور اِنتظامی نوعیت کے چیلنجوں کو اُجاگر کیا۔یہ سمٹ 18 اور 19 ؍نومبر کو منعقد ہو رہا ہے جس کا مقصد ’وِکست بھارت 2047‘ کے ویژن کے مطابق سماجی اِنصاف اور بااختیاربنانے کے اقدامات کی مؤثر عمل آوری کے لئے مرکز اور ریاستوں کے درمیان رابطہ کاری اور تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔وزیر موصوفہ نے ’’ایک ملک، ایک سکالرشپ پورٹل ۔ قابلِ رسائی سکالرشپس، بااختیار طلبا‘ کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیشن کے دوران جموں و کشمیر کے دُور دراز اور پہاڑی علاقوں بالخصوص بسوہلی، کشتواڑ، ریاسی، ڈوڈہ، ٹنگڈار، مژھل، کیرن، گریز، اوڑی اور دیگر علاقوں میں طلبأ کو درپیش مشکلات کی جانب توجہ مبذول کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں محدود ڈیجیٹل کنکٹویٹی اور دُشوار گزار جغرافیائی حالات اکثر مختلف تعلیمی اور فلاحی سکیموں تک رسائی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارموںمیں سکالرشپ اور دیگر فوائد کی فراہمی کو آسان بنانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، لیکن ان کے عمل درآمد کے دوران جغرافیائی طور پر چیلنج والے خطوں کے زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے، تاکہ کوئی بھی اہل مستفید ہونے والا فرد ان سہولیات سے محروم نہ رہ جائے۔ سکینہ اِیتو نے کہا، ’’جموں و کشمیر میں کئی دُور دراز اور پہاڑی علاقے ایسے ہیں جہاں طالب علموں کو انٹرنیٹ کی ناقص سہولیت اور دیگر جغرافیائی رُکاوٹوں کی وجہ سے آن لائن خدمات تک رسائی حاصل کرنے میں مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک متحدہ سکالرشپ پورٹل کو ڈیزائن اور عملانے کے دوران ان چیلنجوں کا مناسب طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان اقدامات کے فوائد ہر اہل طالب علم تک پہنچ سکیں، خواہ وہ کسی بھی علاقے میں رہتا ہو۔‘‘اُنہوں نے طالب علموں کو درپیش اِنتظامی اور طریقہ کار سے متعلق مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آمدنی اور ذات سے متعلق اسناد کے اجرأ میں تاخیر اکثر سکالرشپ درخواستوں کو بروقت جمع کرنے اور ان کی تصدیق کے عمل کو متاثر کرتی ہے جس کے نتیجے میں مستحق طلبأ مقررہ مدت کے اندر ان فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔
وزیرموصوفہ نے متعلقہ محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مطلوبہ دستاویزات بروقت جاری ہوں اور سکالرشپ درخواستوں کی کارروائی بغیر کسی رُکاوٹ کے مکمل کی جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’تعلیم اور مالی اِمداد تک رسائی کا انحصار کسی طالب علم کے جغرافیائی محلِ وقوع یا اِنتظامی رکاوٹوں پر نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں ایک ایسا مؤثر اور مقررہ وقت کے اندر کام کرنے والا نظام قائم کرنا ہوگا جس کے ذریعے مستحق طلبأبالخصوص معاشی طور پر کمزور اورپسماندہ طبقوںسے تعلق رکھنے والے طلبأ اپنے جائز فوائد غیر ضروری تاخیر کے بغیر حاصل کر سکیں۔‘‘وزیر برائے صحت و طبی تعلیم نے دُور دراز اور دُشوار گزار علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ طالبات کو سکالرشپ اور تعلیمی مددتک رسائی فراہم کرنا صنفی مساوات، تعلیمی شمولیت اور سماجی بااختیاربنانے کے لئے ضروری ہے۔اُنہوں نے سمٹ کو جموں و کشمیر میں جاری اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود جموں و کشمیر میں 2027 سے پہلے ایک جامع تصدیقی کیلنڈر جاری کرے گا تاکہ تصدیق کے عمل کو منظم بنایا جا سکے، درخواستوں کی بروقت کارروائی میں سہولیت ہو اور مستحقین کو فوائد کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سکینہ اِیتونے کہا کہ پیشگی شیڈولنگ اور مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل سے تاخیر کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور سکالرشپ کی فراہمی کے نظام کو مزید شفاف، قابلِ رسائی اور مستفیدین کے لئے آسان بنایا جا سکے گا۔وزیرموصوفہ کی جانب سے اٹھائے گئے نکات نے جموں و کشمیر کی مخصوص ضروریات کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی اور ڈیجیٹل اِصلاحات کے دوران دُور دراز، سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جانا چاہیے۔اس سمٹ میں مہاراشٹر، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اُتر پردیش سمیت مختلف ریاستوں اور یونین ٹیریٹریوںکے سینئر وزرأ، نمائندوں اور اِنتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔سمٹ نے سماجی بہبود کی سکیموں کی مؤثر فراہمی، سکالرشپ نظام میں اصلاحات اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کے لئے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کیا۔توقع ہے کہ سمٹ قابل عمل حکمت عملیوں کی تشکیل اور سماجی انصاف کے اقدامات کو مضبوط بنانے کے لئے ریاستوں اور یونین ٹیریٹریوں کے درمیان بہترین طریقوں کے اِشتراک پر اِختتام پذیر ہوگا۔