’پہاڑی قبیلے، کولی اور گڈا برہمن‘ برادریوں کو ST فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پرNCSTکی مہرثبت
سری نگر//قومی کمیشن برائے شیڈولڈ ٹرائبNCST نے آر جی آئی کے دفتر کی سفارش کی بنیاد پرپہاڑی برادری جموں و کشمیر کی شیڈیولڈ قبیلے کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز کی حمایت کی۔جے کے این ایس کے مطابق نیشنل کمیشن فار شیڈیولڈ ٹرائب نے اب جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی درج فہرست قبائل کی فہرست میں ’’پہاڑی نسلی گروپ‘کو شامل کرنے کا راستہ صاف کر دیا ہے۔ کمیشن کی طرف سے دی گئی تجویز میں’پہاڑی قبیلے، کولی اور گڈا برہمن‘ برادریوں کو جموں و کشمیر کی ایس ٹی فہرست میں شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔یہ فیصلہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے راجوری میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں اعلان کرنے کے ایک ماہ کے اندر سامنے آیا ہے کہ پہاڑی برادری کو ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن دی جائے گی۔امت شاہ کے خطاب کے فوراً بعد، قبائلی امور کی مرکزی وزارت نے7 اکتوبر کو قومی کمیشن برائے شیڈولڈ ٹرائب کو ایک خط بھیجا، جس میں ان4 برادریوں کو جموں و کشمیر کی ایس ٹی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پر اس کی رائے اور آراء مانگی گئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قومی کمیشن کی کئی میٹنگوں کے بعد، پینل نے20 اکتوبر کی میٹنگ میں ’پہاڑی قبیلے، کولی اور گڈا برہمن‘ برادریوں کوایس ٹی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔مذکورہ کمیشن نے بتایاکہ قبائلی امور کی وزارت سے موصول ہونے والی تجویز کی جانچ کی ہ گئی،قومی کمیشن برائے شیڈولڈ ٹرائبNCST نے نتیجہ اخذ کیاکہ چاروں برادریوںکوایس ٹی فہرست میں شامل کیاجائے ۔کمیشن ہندوستان کے رجسٹرار جنرل کے دفتر کی سفارش کی بنیاد پر تجویز کی حمایت کرتا ہے۔’پہاڑی قبیلے، کولی اور گڈا برہمن‘ برادریوں کی ایس ٹی فہرست میںشمولیت کی تجویز یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر میں سماجی اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ طبقات کیلئے قائم کمیشن کی طرف سے آئی تھی جس کی سربراہی جسٹس (ریٹائرڈ) جی ڈی شرما کر رہے تھے۔ نو تشکیل شدہ یونین ٹریٹری کی حد بندی کے ساتھ اور الیکشن کمیشن آف انڈیا وہاں جلد ہی انتخابات کروانا چاہتا ہے۔حد بندی کمیشن نے وادی پیر پنجال میں9سمبلی حلقوں میں سے 6 کو درجہ فہرست قبائل کیلئے مخصوص کر دیا ہے۔خطہ پیر پنجال میں گوجروں اور بکروالوں کا بھی گھر ہے، جنہیں پہلے ہی ایس ٹی کے زمرے میں رکھا گیا ہے، اور انہوں نے پہاڑیوں کو ایس ٹی فہرست میں شامل کیے جانے کے امکان پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ شیڈولڈ ٹرائب فہرست میں نئی برادریوں کو شامل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کے طریقہ کار کے مطابق، ایک بار جب NCSTاورRGI کے دفتر نے شمولیت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے، تو جو کچھ کرنا باقی ہے وہ مرکزی کابینہ کو دینا ہے۔ اس کے بعد، جموں و کشمیر کی ایس ٹی فہرست کے علاوہ، قبائلی امور کی وزارت کو اس کے مطابق آئین (جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر1989 میں ترمیم کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں ایک بل لانے کی ضرورت ہوگی۔اس کے بعد، اس اضافے کو حتمی شکل دی جائے گی جب صدر جمہوریہ ہند کی طرف سے آئین ہند کے آرٹیکل342 کے ذریعے اختیار کردہ نظرثانی شدہ شیڈول کو مطلع کیا جائے گا۔فی الحال، جموں و کشمیر میں12برادریاںیاطبقے ہیں جنہیںایس ٹی کے طور پر مطلع کیا گیا ہے۔










