Chief Secretary inaugurates lights at TRC cricket academy ground-13

چیف سیکرٹری نے ٹی آر سی کرکٹ اکیڈیمی گرائونڈ میں نصب لائٹس کا اِفتتاح کیا

سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج ٹی آر سی سری نگر میں جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کرکٹ اکیدیمی گرائونڈ میں نصب لائٹس کا اِفتتاح کیا۔لائٹس اُس پروگرام کا حصہ ہیں جس کا مقصد کھیل میدانوں کو طویل مدت تک فعال بنانا ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت اور امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ ، ڈی جی بجٹ جموںوکشمیر محمد یعقوب اِیتو ، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گُل کے علاوہ جموںوکشمیر پولیس اور جموںوکشمیر سپورٹس کونسل سمیت دیگر محکموں کے سینئر اَفسران موجود تھے۔چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ احاطے میں حال ہی میں لگائی گئی یہ لائٹس کرکٹروں کا دیرینہ مطالبہ تھا اور اُمید ہے کہ اِس اہم خدمات سے علاقے کے اُبھرتے ہوئے کرکٹرس کافی حد تک مستفید ہوں گے۔چیف سیکرٹری کو مزید بتایا گیا کہ آنے والے دِنوں میں اِس کرکٹ اکیڈیمی سینٹر میں دیگر جدید سہولیات اور سازو سامان کا اِضافہ کیا جائے گا تاکہ ہمارے کرکٹروں کو ملک کے دیگر حصوں کے کھلاڑیوں کی طرح سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پورے کمپلیکس کا ایک چکر لگایا جس میں کرکٹ اور فٹ بال اکیڈیمی کے مراکز ہیں ۔اُنہوں نے وہاں کھلاڑیوں کو دستیاب بنیادی ڈھانچہ اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر سپورٹس کونسل ان اہم اِداروں میں سے ایک ہے جو ہمارے نوجوانوں کی مجموعی شخصیت کی نشو و نما کے ساتھ ساتھ ان کو ان کے متعلقہ کھیل شعبوں میں تربیت دینے میں بھی بہت اہم کردار اَدا کرتی ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیر میں کھلاڑیوں کو جدید سہولیات کے ساتھ بہتر بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے وسطی ، شمالی اور جنوبی کشمیر کے جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کرکٹ اکیڈیمی مراکز کے تربیت یافتہ اَفراد سے بات چیت کی اور ان یونٹوں کے کام کے بارے میں ان سے رائے لی۔چیف سیکرٹری نے اِنسٹی چیوٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ٹی آر سی آسٹروٹرف میں واقع سپورٹس کونسل فٹ بال سکول کا بھی دورہ کیا۔دریں اثناء، اِس موقعہ پر جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کے زیر اہتمام ایک دوستانہ ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلا گیا جس میں مختلف سرکاری محکموں کے کرکٹروں پر مشتمل چیف سیکرٹری الیون اور ٹی آر سی کرکٹ اکیڈیمی گرائونڈ کے ملحقہ علاقوں کے کرکٹروں پر مشتمل ڈلگیٹ XI کے درمیان کھیلا گیا۔ ڈلگیٹ الیون کی ٹیم نے میچ جیت لیا۔ ڈی جی بجٹ نے جیتنے والی او رحصہ لینے والی ٹیموں میں اَنعامات اور مومنٹوز تقسیم کئے۔