محکمہ ہر برس ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشنکے نقصانات کو 10فیصد کم کرنے اور چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں
سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر میں تقسیمی شعبے میں کی جانے والی ممکنہ اِصلاحات پر تبادلہ خیال کیا ۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری خزانہ ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈی ڈی ، ڈی جی بجٹ ، محکمہ کے چیف اِنجینئران اور محکمہ دیگر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکر ٹری نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن ( اے ٹی اینڈ ڈی ) کے نقصانات کو کم کرنے پر کام کریں اور انہیں ہر برس کم سے کم 10فیصد تک کم کریں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ صارفین کو بجلی کی معیاری فراہمی کو یقینی بنانے اور صارفین سے واجب الادا واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے صارفین کو یہ یقین دِلانے کے لئے مہم چلانے پر بھی زور دیا کہ اگر وہ وقت پر اَپنے واجبات کی ادائیگی کرتے ہیں تو محکمہ معیاری بجلی فراہم کرنے کے لئے پابند عہد ہے ۔ اُنہوں نے تجویز پیش کی کہ مستقبل میں صرف سمارٹ میٹر ہی لگائیں اورغیر میٹر والے علاقوں میں روایتی میٹر لگائیں۔چیف سیکرٹری نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور نقصان کو کم کرنے سے متعلق تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ آئندہ چند برسوں میں تمام صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جائے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ 1046.71کروڑ روپے کی لاگت سے سمارٹ میٹرنگ کے کام اور 4595.20 کروڑ روپے کی لاگت سے نقصان میں کمی کے کاموں کوری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم ( آر ڈی ایس ایس ) کے تحت اَنجام دے گا۔ میٹنگ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ مرحلہ اوّل کے تحت 1,15000 سمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں اور مرحلہ دوم میں جولائی 2023 تک مزید 6,00000 ایسے میٹر لگائے جائیں گے ۔ جموں وکشمیر یوٹی میں یہاں بجلی شعبے میں خاطر خواہ تبدیلی لانے اور اگلے چند برسوں میں یہاں کے صارفین کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بن جائے گی۔










