سری نگر//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیوورما نے آج یہاں بینکٹ ہال میں مالی سال 2023-24 ء کے اینول پلان آف آپریشنز ( اے پی او ) کی تیاری کے لئے ایک روزہ تکنیکی ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔ورکشاپ کا اِنعقاد پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ اینڈ ایچ او ایف ایف ڈاکٹر موہت گیر ا کی صدارت میں اَگلے مالی سال کے لئے سائنسی ، پیداوار پر مبنی اور عوام پرمبنی اے پی او کی تیاری میں عمل درآمدکرنے والی ایجنسیوں کی رہنمائی کے لئے کیاجارہا ہے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالا ت اِظہار کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے جامع اے پی اوز کی تیاری پر برین سٹار منگ سیشن کے اِنعقاد پر محکمہ کی تعریف کی۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ معاوضہ دارانہ شجرکاری اس انداز میں کی جانی چاہیے کہ جنگلاتی اَراضی کو موڑ نے کی وجہ سے ماحولیاتی سامان او رخدمات کے نقصان کی مناسب تلافی ہوسکے۔کمشنر سیکرٹری نے فارسٹ اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ جنگلاتی علاقوں کے اِنتظام کے لئے زمین کی تزئین اور واٹر شیڈ کے طریقہ کار کو ایک جامع اَنداز میں اَپنائیں۔اُنہوں نے پانی ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور تالابوں کو اے پی او کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا تاکہ بہتر رہائش کے لئے پانی اور نمی کے نظام کو مؤثر بنایا جاسکے۔سنجیو ورما نے پودوں کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے نرسری کے بنیادی ڈھانچے میں بہتر ی لانے پر بھی زور دیا۔اُنہو ںنے اَفسران سے مزید کہا کہ نایاب ، خطرے سے دوچار پودوں کی انواع ( آر اِی ٹی ) کے تحفظ کو تحفظی منصوبے میں شامل کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے محکمہ سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ فارم فارسٹری کے لئے ماڈل سینٹروں کو قائم کرے تاکہ کسانوں کو بڑے پیمانے پر تجارتی پودوں کی انواع کی شجرکاری شروع کرنے میں سہولیت فراہم کی جاسکے۔پی سی سی ایف اینڈ ایچ او ایف ایف ڈاکٹر موہت گیرا نے اَپنے خطاب میں ورکنگ پلان کے مطابق سائنسی تجاویز دینے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مربوط طریقے سے منصوبوں کی تشکیل پر بھی زور دیا جس میں زمین کی تزئین کے اوپری حصے کا دیکھ ریکھ سوئیل اینڈ واٹر کنزرویشن ڈیپارٹمنٹ کرتا ہے اور رہائش کے قریبی علاقوں کا ٹریٹیڈ سوشل فارسٹری محکمہ کرتا ہے۔اُنہوں نے جدید نرسری تکنیک کا اِستعمال کرتے ہوئے معیاری پودے لگانے کے مواد کی تیاری کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن بھی دی ۔ اُنہوں نے جنگلات میں لگنے والی آگ کی روکتھام او رکنٹرول کے لئے خصوصی منصوبوں کی تیاری پر بھی زو ردیا۔اِس موقعہ پر سی اِی او سی اے ایم پی اے سرویش رائے نے کیمپا کے ریگولیٹری فریم ورکس کی وضاحت کی۔اُنہوں نے اے پی اوز کی تشکیل میں پنچایتوں کے ساتھ بامعنی مشاورت کرنے پر زور دیا تاکہ مقامی برادریوں کے چارہ ، لکڑی اور دیگر جنگلاتی پیداوار کے مطالبات کو پورا کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ روشن جگی ، چیف وائلڈ لائف وارڈن سریش کمار گپتا، دائریکٹر سوئیل واٹر کنزرویشن ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے جے ٹی ایس اشوک ، جے کے فارسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر واسو یادو ، ڈائریکٹر ماحولیات اور ریموٹ سنسنگ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے اور اُنہوں نے اَپنے اَپنے شعبوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کیں۔










