انسدادملی ٹنسی آپریشن پوری شدت کیساتھ جاری رہے گا:ADGPوجئے کمار
سری نگر//کشمیر زون کےADGPوجے کمارنے مقامی ملی ٹنٹوں سے بندوق کاراستہ ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اُن کے والدین پر زوردیاکہ وہ اپنے بچوں کوخطرناک راستے کو چھوڑنے کی التجا کریں۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے کہا ہے کہ کشمیر میں اس سال اب تک 36 غیر ملکیوں سمیت 140 ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔اے دی جی پی وجئے کمار جوکہ آئی جی پی کشمیر کی ذمہ داری بھی انجام دے رہے ہیں ،نے بدھ کوشام دیر گئے سوپورکے بومئی علاقہ میں ایک تصادم آرائی میں جیش محمد کے2ملی ٹنٹوں کے مارے جانے کے بعدکہاکہ ہم (پولیس ودیگرسیکورٹی ایجنسیاں)نے سال2022 کے پہلے8 مہینوں میں 36 غیر ملکیوں سمیت 140 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔اے ڈی جی پی وجئے کمار نے کہا کہ کشمیرمیں انسدادملی ٹنسی آپریشن پوری شدت کیساتھ جاری رہے گا۔انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیمیں فورسز کو بغیر کسی نقصان کے کلین سویپ آپریشنز میں سرگرم ملی ٹنٹوں کو ختم کرنے میں زبردست کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔کشمیر زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے گمراہ نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد اورہشت گردی کا راستہ ترک کر کے قومی دھارے میں واپس آجائیں۔اے ڈی جی پی وجے کمار نے سرگرم مقامی ملی ٹنٹوں کے والدین اور بزرگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے وارڈز سے تشدد کے اس خطرناک راستے کو چھوڑنے کی التجا کریں۔










