سیلاب زدگان کیلئے مختلف ممالک کی جانب سے امدادی سامان کی آمد جاری

تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب کے بعد پاکستان کی جانب سے مدد کی اپیل کے جواب میں دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے امداد اور اظہار یکجہتی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کینیڈا، فرانس، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکی اور آذربائیجان نے مدد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔مانیٹرنگ کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے پاکستان کی مدد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے لیے دعاگو ہیں۔کینیڈین وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت سجن نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے پاکستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کو 20 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں۔یہ فنڈز پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پانی، صفائی اور حفظان صحت کی خدمات اور نقد امداد کے لیے استعمال کرے گی۔ہرجیت سجن نے مزید کہا کہ ‘ہم صورتحال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملکی شراکت داروں اور کثیرالجہتی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ دیکھیں کہ کینیڈا پاکستانی عوام کے لیے کیا اضافی مدد فراہم کر سکتا ہے’۔کینیڈا، اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف) کا بھی عطیہ دہندہ ہے جس نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں۔یہ فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت، غذائیت، خوراک، پانی اور صفائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری خدمات جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے یو این سی ای آر ایف کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘میری طرح ملک بھر کے عوام پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے بارے میں فکرمند ہیں’۔کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے پاکستان میں انسانی جانوں کے تحفظ کی کوششوں پر کینیڈین وزیر اعظم اور کینیڈین عوام کا شکریہ ادا کیا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے کہا کہ ‘پاکستان میں سیلاب کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، ہمیں صورتحال پر گہری تشویش ہے اور ہم پاکستانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے’۔پاکستانی نژاد کینیڈین رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے، میرا دل خاص طور پر بچوں کے لیے افسردہ ہے، کینیڈا کو وزیر اعظم شہباز شریف کی مدد کی اپیل کا جواب دینا چاہیے’۔انہوں نے کہا کہ ‘میں اپنے وزرا سے رابطہ کر رہی ہوں کہ وہ اس ہنگامی صورتحال میں پاکستانی عوام کی مدد کے لیے کینیڈین امداد بھیجیں’۔