سرینگر//محکمہ صحت اور طبی تعلیم ( ایچ اینڈ ایم ای ) کے سیکرٹری بھوپندر کمار نے سرینگر شہر کا ایک وسیع دورہ کیا اور یہاں کے مختلف ہسپتالوں اور صحت کے اداروں کا معائینہ کیا ۔ دورے کے دوران سیکرٹری نے بون اینڈ جوائینٹ ہسپتال برزلہ ، ایل ڈی ہسپتال کی توسیعی عمارت ، 500 نئے بستروں پر مشتمل چلڈرن ہسپتال بمنہ سمیت دیگر صحت کے اداروں میں جاری کاموں کا موقع پر جائیزہ لیا ۔ ان ہسپتالوں کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری نے ان پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں پر جاری کاموں کو تیز کریں تا کہ انہیں مکمل کیا جا سکے اور عوام کے استعمال کیلئے وقف کیا جا سکے ۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ ایک بار جب یہ منصوبے مکمل ہو جائیں گے تو صحت کا شعبہ یہاں ایک بڑی تبدیلی لائے گا اور عوام کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ دریں اثنا سیکرٹری نے یہاں ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اور آئی سی ایم کا بھی دورہ کیا اور ان کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ ان دفاتر کے دورے کے دوران سیکرٹری نے ملازمین سے بات چیت کی اور ان سے کہا کہ وہ اپنے فرایض پوری لگن اور تندہی کے ساتھ ادا کریں کیونکہ صحت کا شعبہ دنیا بھر میں کسی بھی جگہ کی ترقی کیلئے بہت اہم ہے ۔










