ضلع انتظامیہ متاثرین کوفوری امداد فراہم کرے:لیفٹنٹ گورنر
سری نگر//بدھ کی صبح جنوبی ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ علاقے میں بادل پھٹنے کے ایک واقعے میں جواہر ٹنل کے نزدیک خانہ بدوشوں کے ایک کنبے کانصف کردہ عارضی خیمہ اورمتعددمویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ اس علاقے میں فوری بچائو کارروائی شروع کردی گئی ہے اورمتاثرہ خانہ بدوشوں کومحفوظ جگہ منتقل کیاگیاہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس آسمانی آفت کے نتیجے میں کسی خانہ بدوش کوکوئی گزند نہیں پہنچی تاہم ایک کنبے کاخیمہ اورکچھ مویشی بادل پھٹنے کے بعدپیداشدہ سیلابی ریلے کی زدمیں آکر بہہ گئے ۔حکام نے بتایاکہ مویشیوںکی تلاش کاکام شروع کردیاگیا ہے ۔اُدھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز ضلع انتظامیہ رام بن کو ہدایت دی کہ وہ جواہر ٹنل کے قریب بادل پھٹنے سے متاثرہ خانہ بدوش خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرے۔ایل جی نے ایک ٹویٹ کر کے کہا،’’جواہر ٹنل کے قریب بادل پھٹنے سے متاثر ہونے والے خانہ بدوش خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ رام بن کو ہدایت دی۔حکام نے مزید بتایاکہ متعلقہ ایس ڈی پی ائو، ایس ایچ او، تحصیلدار خوراک اور دیگر سامان کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ جلد از جلد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔










