ایس کے کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وارسری نگر میں ہوگی سب سے بڑی تقریب،منوج سنہا ترنگالہرائیں گے
سری نگر14اور15اگست کی درمیانی رات جب پوری دنیا سوئی ہوگی توہندوستان آزادی کی75ویں صبح کیساتھ جاگ جائے گا۔15اگست1947کوملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہرلعل نہرئونے آزاداورخودمختار ہندوستان کاتین رنگوں سفید،زعفرانی اورسبزقومی پرچم ’ترنگا‘تاریخی لال قلعے کی فصیل سے لہرایا۔یہ طویل برطانوی سامراج سے آزادی کااعلان تھا۔آج ملک75واں یوم آزادی منارہاہے ،تو ملک کے15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے نریندرادامودداس مودی لال قلعے کی فصیل سے مسلسل9ویں مرتبہ قومی پرچم لہرائیں گے اورقوم سے خطاب کریں ۔جے کے این ایس کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوںکی طرح ہی جموں وکشمیرمیں بھی یوم آزادی پورے جوش وخروش کیساتھ منایا جارہاہے ،ہر گھرترنگا مہم کے تحت سبھی20اضلاع بشمول سری نگراورجموں کے بازاروں اورتمام سرکاری ونیم سرکاری عمارات بشمول اسکولوں اورکالجوں کی عمارات پر قومی پرچم لہرارہے ہیں ۔آج جموں وکشمیرمیں یوم آزادی کے موقعہ پر سب سے بڑی سرکاری تقریب سونہ سری نگرمیں واقع ایس کے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہورہی ہے ،جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائیں ،پولیس،سیکورٹی فورسزکے چاک وچوبند دستوں نیزاسکولی طلبہ واین سی سی کیڈیٹوں کے مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے اورپھر یہاں موجود لوگوں سے خطاب کریں گے ۔لیفٹنٹ گورنر کے خطاب سے پہلے کرکٹ اسٹیڈیم دری نگرمیں جموں وکشمیر پولیس اوردیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے جوان کرتب بازی کامظاہرہ کریں گے جبکہ اسکولی بچوں وبچیوںکیساتھ ساتھ مختلف گروپوںکی جانب سے کلچرل پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔اس موقعہ پر یہاں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا،ڈی جی پی دلباغ سنگھ ،اے ڈی جی پی وجے کمار، صوبائی کمشنر کشمیرپی کے پولے ،ڈی سی سری نگر ،ڈی آئی جی پی وسطی کشمیر ،ایس ایس پی سری نگراورسیول وپولیس انتظامیہ اورمختلف سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ افسران بھی موجود ہونگے ۔ملک کے75ویں یوم آزادی منانے کیلئے ایس کے کرکٹ اسٹیڈیم کوخوب سجایاگیاہے اوریہاں چاروں اطراف سیکورٹی کے کڑے اورپختہ انتظامات بھی کئے گئے ہیں ۔جموں وکشمیرمیں یوم آزادی کی دوسری بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموںمیں منعقد ہورہی ہے ،جہاں لیفٹنٹ گورنر کے مشیر مہمان خصوصی کی حیثیت سے قومی پرچم لہرائیں گے ،مارچ پاسٹ پرسلامی لیں گے اورموجود لوگوں سے خطاب کریں گے ۔اس موقعہ پر یہاں صوبائی کمشنر جموں ،اے ڈی جی پی جموں ،ڈی سی جموں اورسیول وپولیس انتظامیہ اورمختلف سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ افسران بھی موجود ہونگے ۔دیگر سبھی18اضلاع بشمول بڈگام،گاندربل ،بارہمولہ ،کپوارہ ،بانڈی پورہ ،پلوامہ ،اننت ناگ ،کولگام ،شوپیان اورجموں صوبے کے 9اضلاع کے ضلعی صدرمقامات پر بھی75ویں یوم آزادی کے موقعہ پر پیرکی صبح شاندار تقریبات کاانعقاد ہوگا،جہاں اعلیٰ حکام بشمول متعلقہ ڈپٹی کمشنر قومی پرچم لہرائیں گے ،پریڈ پرسلامی لیں گے اورموجودلوگوںسے خطاب کریں گے ۔اس موقعہ پر متعلقہ ڈی آئی جی پیز،ایس ایس پیز اوردیگر سیول وپولیس حکام کے علاوہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ افسران بھی موجود ہونگے۔










