سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج’’ ہر گھر ترنگا‘‘ اُتسو منانے کے لئے للت گھاٹ سے بوٹینیکل گارڈن تک واکتھن میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہریوں کے ساتھ شرکت کی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اُمید وں اور خوابوں کی نئی صبح ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے واکتھن کے منتظمین اور شرکأ کو مبارک باد پیش کی جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت دیکھنے میں آئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے 8؍ اگست 1942ء کو ممبئی کے ٹینک میدان میں مہاتما گاندھی کے کہے ہوئے الفاظ کو یاد کیا جس نے پورے ملک کے لوگوں کو برطانوی حکومت کا تختہ اُلٹنے کی تحریک دی تھی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آج ہماری واکتھن مہاتما گاندھی کے عزم اور جدو جہد کی علامت ہے ۔ یہ ہماری فوج، پولیس ، نیم فوجی دستوں کے بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانی کی علامت ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ نے ہمیں مستقبل کی نسلوں کو اَپنے بہادروں اور شہدأ کی اَنمول شراکت سے آگاہ کر کے ان کی حوصلہ اَفزائی کرنے کا موقعہ فراہم کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے واکتھن کے دوران موجود 1971ء کی جنگ کے سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جموںوکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادڈالی ہے اور قوم کو محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔اُنہوں نے ہیروز کو یاد کرنا نئے خیالات کو پیدا کرتا ہے اور عوامی بیداری کے جذبے کے دوبارہ زندگی کرتا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ واکتھن ہماری سیکورٹی فورسز ،آزادی پسندوں کو خراج عقیدت ہے اور خود انحصار جموںوکشمیر کی تعمیر کے ہمارے عزم کی علامت بھی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں اَپنے آزادی کے بہادروں کی داستانوں کو نئی نسل تک لے جانا ہے اور ان شخصیات کی یادوں کو زندہ کرنا ہے جنہوں نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار اَداکیا اور ہندوستان کی آزادی کے گمنام ہیروز کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔اُنہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ اَپنے آبأ اجداد سے تحریک لیں جنہوں نے 2047 کے سنہر ی جموںوکشمیر کے مستقبل کے تئیں اَپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ہمیں ایک آزاد اور خود مختار قوم فراہم کرنے کے لئے اہم قربانیاں دی تھیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نے دُنیا کا سب سے بڑا جن ابھیان شروع کیا اور جموںوکشمیر سمیت ملک کا ہر حصہ ’ ہر گھر ترنگا اُتسو‘ کا مشاہدہ کر رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک عظیم قوم کے شہری ہیں جہاں وطن عزیز کی سرزمین کا ایک ایک اِنچ قدیم اقدار ، ثقافت اور روایات سے بھرا ہوا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ شوپیان ، کولگام ، جموں ، کشتواڑ ، راجوری ، پونچھ میں منایا جارہا ہے اور ہر ضلع ، ہر گائوں میں ایک کروڑ 30 لاکھ لوگ ترقی اور اَمن کی راہ پر چل رہے ہیں جس کا تصور وزیر اعظم نے کیا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر ہر شعبے میں تاریخ رقم کر رہا ہے ۔ مساوات اور سماجی اِنصاف سے ہر شہری کے معیارِ زندگی کو بہتر کرتے ہوئے مختلف پیرا میٹروں میں بے مثال کارکردگی درج کی گئی ہے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ واکتھن کے شرکأ کے جوش و خروش کو سراہا جبکہ ڈی جی پی دِلباغ سنگھ نے بھی تمام شرکأ کے جوش کو سراہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ترنگے کی عزت اور احترام کو برقرار رکھنا صرف سیکورٹی فورسز کا ہی نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری کا فرض ہے۔اِس موقعہ پر ایس ایم سی کے میئر جنید عظیم متو نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترنگا ہمیشہ جموںوکشمیر کا فخر رہا ہے ۔اُنہوں نے ’ہر گھر ترنگا‘ اور ’آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ پر لوگوں کو اَپنی مبارک باد پیش کی۔وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلو فر خان نے ’ہر گھر ترنگا مہم ‘ میں کشمیر یونیورسٹی کے طلبا ء کی شرکت کے بارے میں بتایا۔اِس موقعہ پرچیئرمین جے اینڈ کے وقف بورڈ ڈاکٹر درخشاں اَندرابی ، وائس چیئرپرسن جے اینڈ کے کے وِی آئی بی ڈاکٹر حنا شفیع بٹ موجود تھیں۔آئی جی فرنٹیئر بی ایس ایف راجہ بابو نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور ڈی آئی جی بی ایس ایف سچندر سنگھ چندیل نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئیل ، سپیشل ڈی جی ، آئی ڈی ایس آر آر سوین،صوبائی کمشنر کشمیر پانڈرانگ کے پولے ، لیفٹیننٹ جنرل جی او سی 15کور امردیپ سنگھ اوجلا ، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار ، اِنتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ سول اِنتظامیہ ، پولیس ، فوج اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ اَفسران نے للت گھاٹ سے بوٹینیکل گاررڈن تک بی ایس ایف کے زیر اہتمام واکتھن میں حصہ لیا۔










