موجودہ حکومت کسی بھی زاویئے سے عوام دوست نہیں

مہنگائی اور دیگر معاملات کو لیکر حکمران صرف کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف :ساگر

سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک مضبوط اور مستحکم عوامی تحریک ہے جس کو لوگوں نے اپنی عظیم قربانیوں اور گرم گرم لہو سے سینچاہے اور یہی جماعت یہاں کے عوام کو موجودہ چیلنجوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس جماعت کو ہمیشہ لوگوں کی پشت پناہی اور تعاون حاصل رہا ہے جس کی بدولت یہاں لوگوں کے بنیادی اور جمہوری حقوق واگزار ہوئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِسی جماعت کی عظیم کارناموں، تاریخی اور انقلابی اقدامات کی بدولت یہاں شخصی راج کا خاتمہ ہوا اور عوامی راج کی بنیاد پڑی جن سے پنچایت راج اور دیگر جمہوری اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا۔سی این آئی کے مطابق اِن باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف عوامی وفود، پارٹی لیڈران اور عہدیداران کیساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران حاجی محمد اشرف گنائی، پیر آفاق احمد، سجاد شاہین، شوکت احمد میر، سید توقیر شاہ اور دیگر عہدیداران بھی موجودتھے۔ پارٹی لیڈران اور عہدیداران نے اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کے علاوہ اقتصادی بدحالی، بے روزگاری، حد سے زیادہ مہنگائی اور دیگر معاملات جنرل سکریٹری کے سامنے زیر بحث لائے اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکمران صرف کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہیں اور زمینی سطح پر لوگوں کی راحت کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جارہا ہے۔جنرل سکریٹری نے کہا کہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو اُجاگر کرنا اور ان کا سدباب کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا نیشنل کانفرنس کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور ہمیں ہر حال میں خود کو عوام کیلئے وقف رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مخلص اور بے لوث کارکنوں کی قربانیوں کی بدولت ہی جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس لوگوں کے دلوں پر راج کررہی ہے اور انشااللہ مستقبل میں بھی یہ جماعت لوگوں کی خدمت کرتی رہے گی۔اُنہوں نے کہا کہ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی عظیم قیادت کی بدولت ہی اکثریتی آبادی کو زمین پر مالکانہ حقوق، ذرعی اصلاحات، پریس پلیٹ فارم کی آزادی، ووٹ پرچی کا حق اور سب سے بڑا کارنامہ لوگوں کو عوامی راج کی حکومت حاصل ہوئی اور صدیوں کی غلامی سے لوگوں کو نجات ملی۔ ساگر نے کہا کہ اِس جماعت کے اولین معماروں، عوام کے مقبول اور بزرگ جانثاروں، قوم اور وطن پرست لیڈران نے ناقابل برداشت مصائب اور مشکلات جھیلے لیکن لوگوں کے مفادات کی پاسبانی نہ چھوڑی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ اِن رہنماؤں ، کارکنوں، ذی شعور شہریوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات اور سازشیں بھی رچائی گئیں جو بعد میں بالکل لغو، فرضی اور جعلی ثابت ہوئیں اور اِس جماعت کے ازلی دشمنوں کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ اُنہوں نے کارکنوں اور عہدیداران سے ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے مسائل اور مشکلات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں جو ہمارا بنیادی منشور اور لائحہ عمل ہے۔