سرینگر//عید الاضحی کے پیش نظر بازاروں میں گراں فروشی اور منافع خوری پر قابو پانے کیلئے محکمہ امور صارفین کی انفورسمنٹ ونگ نے سرینگر میںچیکنگ عمل تیز کرتے ہوئے 37600روپے بطور جرمانہ وصول کر لیا جبکہ تین دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ۔ سی این آئی کو اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلا ت فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی انفورسمنٹ ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مشتاق وانی کی سربراہی میں ایک ٹیم نے سرینگر کے بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران انہوںنے مختلف سرکاری سیل سنیٹروں ، گوشت اور مرغ فروشوں ، میوہ اور سبزی دکانوں کے علاوہ دیگر کئی ہوٹلوں کا بھی معائنہ کرکے وہاں انہیںہدایت دی کہ قیمتوں کو اعتدال میں رکھا جائے اور گراں فروشی سے باز رہا جائے ۔ اس موقعہ پر چیکنگ کے دوران تین دکانوں کا سیل کر دیا گیا جبکہ غیر معیاری اشیائے خورنی رکھنے والے تین افراد کے خلاف کیس درج کر لیا گیا ۔ اس موقعہ پر گلی سڑی سبزیوں اور میوہ جات کو ضائع کر دیا گیا جبکہ خلاف ورزی کے مرتکبین سے 37600روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ٹیم نے سرینگر کے عید گاہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے وہاں قربانی کیلئے فروخت ہونے والے جانوروں کے ریٹ کے بارے میںجانکاری حاصل کر لی ۔ اس موقعہ پر ٹیم نے دکانداروں کو واضح ہدایت دی کہ وہ عید کے پیش نظر قیمتوں میں از خود اضافہ نہ کریں اور جو بھی اس میںملوث پایا جائے گا ان کے خلاف کارورائی عمل میںلائی جائے گی ۔ ساتھ ہی صارفین سے تاکید کی گئی ہے کہ جہاں کہیں بھی سرکاری نرخ ناموں سے زیادہ انہیں اشیاء ضروری اضافہ قیمتوں میں فروخت کی جائے تو وہ محکمہ کے ٹول فری نمبرپر اپنی شکایت درج کر یں تاکہ ملوثین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔










