معاونتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے مرکزی حکومت سے مداخلت کی درخواست کی
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود سے ذاتی مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ بیرونِ ممالک میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبأ کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع اِدارہ جاتی وضع کیا جا سکے۔مرکزی وزیرصحت کے نام ایک مکتوب میں سکینہ اِیتو نے مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے وزارتِ خارجہ کے تعاون سے کی گئی ان کوششوں کی ستائش کی جن کے ذریعے جموں و کشمیر کے اُس طالبِ علم کے جسدِ خاکی کی واپسی ممکن ہوئی جو بنگلہ دیش میں میڈیکل کورس کے دوران اِنتقال کر گئے تھے۔وزیرموصوفہ نے کہا کہ بیرونِ ملک ہندوستانی طلبأ کی موت یا شدید زخمی ہونے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں جو متاثرہ کنبوںکے لئے شدید صدمے اور تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔اُنہوں نے زور دیا کہ اگرچہ وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی)بیرونِ ملک حاصل کردہ طبی اسناد کو باقاعدہ بناتے ہیں لیکن بیرونِ ملک ہندوستانی طلبأ کی حفاظت، تحفظ،سلامتی اور مجموعی بہبود کے لئے ایک مضبوط اور مربوط اِدارہ جاتی ردِّعمل کی بھی ضرورت ہے۔سکینہ اِیتو نے مرکزی وزیر سے اِس معاملے کو وزارتِ خارجہ کے ساتھ اُٹھانے کے لئے ذاتی مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے ایک منظم اور مقررہ مدت پر مبنی نظام قائم کرنے پر زور دیا تاکہ بیرونِ ملک کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں طلبأ اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔اُنہوںنے مطالبہ کیا کہ جب بھی بیرونِ ملک کسی ہندوستانی طالبِ علم کی موت یا شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملے تو متعلقہ ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مل کر باضابطہ اور شفاف تحقیقات شروع کی جائیں۔ اُنہوں نے وزارتِ خارجہ اور ہندوستانی سفارتی مشنز کے اندر ایک معیاری اور مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد والے پروٹوکول کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ متاثرہ کنبوں کو ضروری قانونی کارروائیوں میں مدد مل سکے اور جسدِخاکی کی جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں، انہوں نے نیشنل میڈیکل کمیشن سے تسلیم شدہ غیر ملکی میڈیکل یونیورسٹیوں میں موجود حفاظتی معیارات، ایمرجنسی شکایات کے اَزالے کے نظام اور طلبأ کی معاونتی خدمات کا جامع جائزہ لینے کا بھی مطالبہ کیا۔اُنہوں نے متعلقہ مرکزی وزارتوں پر مشتمل ایک مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے المناک حالات کاسامنا کرنے والے کنبوں کو پیچیدہ طریقہ کار سے خود نمٹنے کے لئے تنہا چھوڑنے کے بجائے بروقت اِدارہ جاتی تعاون، واضح مواصلت اور ہر ممکن مدد فراہم کی جانی چاہیے۔سکینہ اِیتو نے اُمید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت ان تجاویز پر ہمدردانہ غور کرے گی اور بیرونِ ملک اعلیٰ و پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبأکے لئے موجودہ اِمدادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی خاطر مناسب اَقدامات اُٹھائے گی۔










