نئی دہلی/یو این آئی// بھارت سمٹ 2026 کے دوران اٹلی کے رہنما جیاکومو فلیبیک کے ووٹ چور، گدی چھوڑ والے ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کی درخواست سپریم کورٹ نے جمعہ کو خارج کر دی۔جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس اپریش کمار سنگھ کی بنچ نے سوال اٹھایا کہ عرضی گزار نے دیگر دستیاب متبادل، مثلاً متعلقہ حکام کے پاس شکایت درج کرانے کے بجائے براہ راست آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیوں کیا؟عرضی گزار نے کہا کہ وہ کسی تعزیری کارروائی کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں، بلکہ عدالت سے درخواست کر رہے ہیں کہ ان ویڈیوز کو ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ ایسے پروگراموں میں غیر ملکی سیاسی نمائندوں کی تقریروں کو ضابطے کے تحت لانے کو یقینی بنائے ۔تاہم، بنچ نے اس معاملے میں مداخلت کرنے سے انکار کرتے ہوئے عرضی خارج کر دی۔ عدالت نے کہا، آپ کو پہلے یہ مسئلہ اٹھانا چاہیے کہ حکومت کو اس ملک کے شہریوں کی آزادیٔ اظہار کو ضابطے میں لانے کا اختیار ہونا چاہیے یا نہیں۔ اس کے بعد آپ غیر ملکیوں کے بارے میں بات کریں۔ عرضی خارج کی جاتی ہے ۔عرضی میں الزام لگایا گیا تھا کہ پارٹی آف یوروپین سوشلسٹس کے جنرل سکریٹری جیاکومو فلیبیک نے ہندوستان کے داخلی سیاسی عمل میں مداخلت کی۔ انہوں نے حزب اختلاف کے نعرے کا استعمال کیا اور سمٹ میں موجود غیر ملکی نمائندوں کیلئے اس کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا۔سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے فلیبیک کو واضح کر دیا تھا کہ اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔عرضی میں اس بات کی جانچ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ آیا فلیبیک کا طرز عمل ہندوستان میں غیر ملکی شہریوں کے داخلے اور سرگرمیوں سے متعلق ضابطوں کے مطابق تھا یا نہیں۔ اس کے ساتھ ہی مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت سے معافی مانگنے اور تحریری یقین دہانی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی سمٹ کے انعقاد سے متعلق حالات کی جانچ کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔اس سے پہلے 18 نومبر کو چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا گیا تھا۔ وکیل سید رضوان احمد نے ویڈیو کے مسلسل وائرل ہونے کے پیش نظر فوری مداخلت کی درخواست کی تھی، جس کے بعد بنچ نے عرضی کو سماعت کیلئے فہرست میں شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔فلیبیک بھارت سمٹ میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی شرکاء میں سے ایک تھے ۔ اس سمٹ کا انعقاد تلنگانہ حکومت نے سمردھ بھارت فاؤنڈیشن سمیت دیگر تنظیموں کے اشتراک سے حیدرآباد میں کیا تھا، جس میں تقریباً 70 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔حزب اختلاف کے رہنما راہول گاندھی نے ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے ووٹ چور، گدی چھوڑ کا نعرہ دیا تھا، جسے بعد میں حزب اختلاف نے اپنے سیاسی نعرے کے طور پر اپنا لیا۔










