سپیکر کا کانگریس کے سینئر رہنما پیرزادہ محمد سعید کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت

پیرزادہ محمد سعیدکو ایک منجھے ہوئے ، باوقار اور اعلیٰ اَصولوں کے حامل سیاسی رہنما قرار دِیا۔ سپیکر عبدالرحیم راتھر

جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے کانگریس کے سینئر رہنما اور موجودہ ممبر قانون ساز اسمبلی اننت ناگ پیرزادہ محمدسعید کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے ۔اُنہوں نے اَپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم پیرزادہ محمدسعید کو ایک منجھے ہوئے، باوقار اور اعلیٰ اصولوں کے حامل ایک تجربہ کار سیاسی رہنما قرار د ِیا جنہوں نے اَپنی سیاسی زِندگی کے دوران عوامی خدمت اور جمہوری اَقدار کے فروغ میں نمایاں کردار اَدا کیاہے۔سپیکر موصوف نے کہا کہ پیرزادہ محمدسعید نے 1987، 2002 اور 2008 میں حلقہ اِنتخاب کوکرناگ کی اسمبلی میں نمائندگی کی اوربعد میںصدرجموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے بھی اَپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اُنہوں نے یونیورسٹی آف کشمیر سے 1980 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ مرحوم اپنی متین طبیعت، سنجیدہ طرزِ فکر اور زمینی سطح پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ گہرے روابط کے لئے بھی جانے جاتے تھے۔عبدالرحیم راتھر نے یاد دِلایا کہ پیرزادہ محمد سعید نے ریاستی حکومت میں اپنے دور کے دوران کئی اہم قلمدان سنبھالے، جن میں تعلیم، کھیل، حج و اوقاف اور پبلک انٹرپرائزز شامل ہیں۔ اُنہوں نے پہلی بار 1987 میں وزیرِ مملکت برائے تعلیم کے طور پر خدمات انجام دیں اور بعد میں تعلیم اور پبلک انٹرپرائزز کے محکمے ان کے پاس رہے ۔ 2009 میں انہیں دوبارہ ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیا۔اُنہوںنے مرحوم کے انتقال کو سیاسی اور سماجی حلقوں کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ سبحان و تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق اور صبر جمیل عطا کرے۔