علی محمد ساگرکا پیرزادہ محمد سعید کے اِنتقال پر اِظہار ِ تعزیت

جموں// وزیر برائے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈِی ڈِی )، ریونیو، قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلٹیشن و رِی کنسٹرکشن اور الیکشن محکمہ جات علی محمد ساگر نے سابق وزیر اور موجودہ رُکن اسمبلی اننت ناگ پیرزادہ محمد سعید کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہارکیا ہے ۔اُنہوں نے اَپنے تعزیتی پیغام میں پیرزادہ محمد سعید کو ایک کہنہ مشق اور ایک تجربہ کار سیاسی رہنما قرار دیا جن کی اعلیٰ دیانتداری اور عوامی زندگی میں نمایاں خدمات نے جموں و کشمیر کے سیاسی منظرنامے پر گہرے نقوش چھوڑے۔ساگر نے عوامی خدمات میں ان کے طویل اور شاندار کیرئیر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پیرزادہ محمد سعید نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور ریاستی حکومت میں اپنے دورِ اقتدارکے دوران کئی اہم وزارتوں کے قلمدان سنبھالے۔اُنہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور اہلِ خانہ کو اس ناقابلِ تلافی صدمہ کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر کے لئے دعا کی ۔