وظیفے میں اضافے اور دیگر مراعات دینے کا مطالبہ

جی ایم سی سرینگر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع

سرینگر / / این این بی // وظیفے میں اضافے اور دیگر ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ برابری سمیت مختلف دیرینہ مطالبات کے حق میں گورئمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر کے پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق گورئمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر کے پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے وظیفے میں اضافے اور دیگر ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ برابری سمیت مختلف دیرینہ مطالبات کے حق میں جمعہ کو غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی۔احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے وظیفے سے متعلق مطالبات طویل عرصے سے زیر التوا ہیں، جنہیں مزید تاخیر کے بغیر حل کیا جانا چاہیے۔ ڈاکٹروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان کے جائز مطالبات پر فوری توجہ دے اور مسئلے کا مستقل حل نکالے۔آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور جی ایم سی سرینگر کے پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹ ڈاکٹر موہت چودھری نے کہا کہ حکومت کو ڈاکٹروں کے دیرینہ وظیفے سے متعلق مسائل کو مزید تاخیر کے بغیر حل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی جانب سے اٹھائے گئے مطالبات میں بنیادی طور پر پوسٹ گریجویٹ، سینئر ریزیڈنٹ، ڈی این بی اور ایم ڈی ایس ڈاکٹروں کے وظیفے میں فوری اضافہ اور جموں و کشمیر میں انہیں دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مساوی وظیفہ فراہم کرنا شامل ہے۔ڈاکٹروں نے اس کے علاوہ قابل اطلاق ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق زچگی کی چھٹی کی سہولت نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو بھی قواعد و ضوابط کے تحت حاصل جائز سہولیات اور حقوق فراہم کیے جانے چاہئیں۔احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اعلیٰ سطحی مداخلت سے ان کے دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہوسکتا ہے۔ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے جی ایم سی سرینگر کے پرنسپل سے بھی مطالبہ کیا کہ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی مناسب نمائندگی اور ان کے مسائل کو مو ¿ثر انداز میں حکام تک پہنچانے کے لیے ایک تسلیم شدہ ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے قیام میں سہولت فراہم کی جائے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیے جانے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ طبی خدمات پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مطالبات پر فوری فیصلہ کیا جائے۔