بی جے پی نے صرف جموں کے لوگوں کا استحصال کیا / ڈاکٹر فاروق
سرینگر / / این این بی // نیشنل کانفرنس نے اکتوبر2024میں حکومت کی بھاگ ڈور سنبھالنے کیساتھ ہی 5سال کیلئے تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے ایک منظم اور مو ¿ثر لائحہ عمل مرتب دیا تھا اور حکومت اسی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ اگر چہ یو ٹی نظام کی وجہ سے ریزویشن میںمعقولیت لانے اورڈیلی ویجروں کی مستقلی جیسے معاملات حل نہیں ہورہے تاہم ہرایک خطے میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا گیا ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھاجپا نے جموں کے عوام کا صرف استحصال کیا اور اپنے حقیر سیاسی مفادات کیلئے مذہبی بنیادوں پر یہاں کے عوام سے ووٹ حاصل کئے اور تعمیر و ترقی کے لحاظ سے اس خطے کو یکسر نظر انداز کیا۔آج بھی بی جے پی والے اپنی فرقہ پرسی پر مبنی سیاست سے باز نہیں آرہے ہیں، اگر جموں کے لوگوں کو اب بھی بھاجپا کی حقیر اور گندی سیاست سمجھ نہیں آئی تو اس سے بڑی بدقسمتی کی بات نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے صرف جموں کے لوگوں کا استحصال کیا جبکہ انہیں حقیقی معنوں میں کچھ نہیں دیا اور انتخابات کے وقت ہندو مسلم کرکے ووٹ حاصل کرتے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم نے حکومت میں آنے کے ساتھ ہی دربار مو کو بحال کردیا جو بھاجپا والوں نے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے2021میں بند کروایا تھا۔ یہ دربار مو نہ صرف کشمیر اور جموں کے لوگوں میں آپسی ہم آہنگی کا باعث ہے بلکہ جموں کی معیشت کیلئے ریڈ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ”جموں و کشمیر ایک متنوع ثقافت والا خطہ ہے، اور دربار موو کا قیام تنوع میں اتحاد کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا تھا۔ اس روایتی سالانہ اقدام کا بنیادی مقصد نہ صرف دو خطوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا تھا بلکہ تجارت اور کمیونٹی تعلقات میں اضافہ کرنا بھی تھا“۔انہوں نے کہاکہ دربار کی بحالی بھاجپا کو راس نہیں آتی ہے کیونکہ یہ جماعت تقسیم در تقسیم میں یقین رکھتی ہے۔ لیکن نیشنل کانفرنس حکومت خطوں اور عوام میں دوریاں ختم کرکے ہی دم لے لی ۔ہماری حکومت نہ صرف تعمیر و ترقی کو فروغ دیگی بلکہ عوام کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 2014سے لیکر 2024تک صوبہ جموں میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے ، غیر معقول بجلی اور پانی کی فراہمی، بے روزگاری ، ٹول پلازے، جاب آؤٹ سورسنگ اور کان کنی کی سرگرمیوںمقامی آبادی کے تئیں بی جے پی کی بے حسی کی واضح مثالیں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس دوران میں جموں وکشمیر پر بھاجپا نے براہ راست حکومت لیکن صرف لوگوں کو صرف زبانی جمع خرچ سے ہی بہلایا اور پھسلایا گیا اور عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا گیا۔ بھاجپا نے خطہ پیرپنچال اور خطہ چناب کے لوگوں کیساتھ ناروا سلوک روا رکھا اور جموں کی آبادی کا استحصال کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جمہوری حکومت کی قیادت کرتے ہوئے پیر پنچال اور چناب سمیت جموں خطہ میں آخرکار جامع ترقی کا دور دورہ شروع ہوا۔










