وزیر اعظم مودی سے وفود کی سطح پر مذاکرات،صدر مرمو سے ملاقات؛ تجارت اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف امور پر ہوگی بات چیت
سرینگر / این این بی // نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ 22 نومبر کو بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچیں گے جس دوران وہ صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وفود کی سطح پر اہم مذاکرات ہوں گے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ22نومبر کو بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچیں گے۔ نیپال کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔یہ 27 مارچ کو عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم بالیندر شاہ کا پہلا باقاعدہ دوطرفہ غیر ملکی دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ کا دورہ کرچکے ہیں۔36 سالہ وزیر اعظم شاہ 34 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کریں گے، جس میں نیپال کے وزیر خزانہ سورنیم واگل اور وزیر خارجہ شِشیر خانال بھی شامل ہوں گے۔ نیپال کے خارجہ سیکرٹری امرت بہادر رائے نے وزارت خارجہ میں صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کے ہمراہ چیف ایڈوائزر کمار بیانجنکر سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداران بھی بھارت کا دورہ کریں گے۔دورے کے دوران وزیر اعظم بالیندر شاہ بھارت کی صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وفود کی سطح پر اہم مذاکرات ہوں گے۔ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی نیپالی وزیر اعظم سے ملاقات کرکے خیرسگالی کا اظہار کریں گے۔نیپال کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری میں توسیع، توانائی کے شعبے میں تعاون اور مختلف منصوبوں سے متعلق اہم امور پر بات چیت ہوگی۔ دورے کے دوران توانائی کے شعبے سے متعلق متعدد منصوبوں کا افتتاح کیے جانے کے ساتھ ساتھ نئے منصوبوں کی بنیاد رکھنے کی تقریبات بھی متوقع ہیں۔اعلیٰ سطحی مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تجارت، ٹرانزٹ، توانائی، سرمایہ کاری، رابطہ کاری کے نیٹ ورک اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے اہم شعبے زیر بحث آئیں گے۔نیپال کے خارجہ سیکریٹری امرت بہادر رائے نے کہا کہ ان مفاہمتی یادداشتوں سے دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوو ¿ں پر تبادلہ خیال کریں گے، جس سے بھارت اور نیپال کے درمیان موجود تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔وزیر اعظم شاہ کے ساتھ ایک الگ کاروباری وفد بھی بھارت کا دورہ کرے گا۔ اس وفد کی موجودگی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔وزیر اعظم بالیندر شاہ 22 نومبر کو نئی دہلی پہنچیں گے اور 23 نومبر کو اپنا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے نیپال واپس روانہ ہوں گے۔










