لیفٹیننٹ گورنر کی دہشت گردانہ اور علیحٰدگی پسندانہ کے پورے نظام کو ختم کرنے ،موسم سرما میں نگرانی اور حفاظتی تیاریوں کومزید سخت بنانے کی ہدایت
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیزاور دیگر سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں صوبہ جموں میں سیکورٹی کی صورتحال، موسم سرما کے لئے تیاریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو، ڈِی جی پی نلین پربھات، ایڈیشنل چیف سیکرٹر محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈِی ایم راجو، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال، آئی جی پی جموں تیجندر سنگھ،صوبائی کمشنر جموں وِکاس کنڈل، رینج ڈِی آئی جیز،ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ خطے میں دیرپااَمن کو یقینی بنانے اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لئے سیکورٹی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور روڈ میپس پر عمل درآمد کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کو پُرامن اور کامیاب طریقے سے انجام دینے پر اِنتظامیہ اور جموں و کشمیر پولیس کی ستائش کرتے ہوئے زور دیا کہ منشیات مخالف مہم اسی شدت کے ساتھ جاری رہنی چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران کو روایتی پولیسنگ سے آگے بڑھ کر دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے پورے نظام کو مکمل طور پر ختم کرنے کی سمت کام کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے موسم سرما کے دوران نگرانی مزید سخت بنانے، حفاظتی تیاریوں کو مستحکم کرنے اور مکمل آپریشنل کنٹرول قائم کرنے پر زور دیا۔منوج سِنہا نے پولیس اَفسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا،’’ہمارا مقصد صرف دہشت گردوں کو بے اثر کرنے تک محدود نہیں رہ سکتا۔ ہمیں اس پورے دہشت گردانہ اور علیحدگی پسندانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا جو انہیں سہارا دیتا ہے۔‘‘اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ مخصوص نوڈل اَفسران تعینات کریں اور ملک دشمن عناصر سے منسلک جائیدادوںکو ضبط کرنے اور ان پر قبضہ لینے کے لئے اضلاع کی سطح پر مخصوص اہداف مقرر کریں۔اُنہوںنے کہا،’’دہشت گرد اور علیحدگی پسند عناصر سے منسلک جائیدادوں کو ضبط کرنا اور انہیں اپنے قبضے میں لینا اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عام شہریوں کی شکایات سنی جائیں اور ان کا اَزالہ کیاجائے۔اُنہوں نے کہا، ’’شہریوں کی شکایات کی منصفانہ سماعت کو یقینی بنانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لئے شکایات کے ازالے کا ایک مخصوص ادارہ جاتی نظام قائم کرنا ضروری ہے جس میں کسی بھی سطح پر لاپروائی کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تجاوزات کے خلاف سخت نگرانی کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے غیر قانونی کان کنی، منشیات اور مویشیوں کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ سوشل میڈیا سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ’’منشیات کی سمگلنگ میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہنی چاہئیں۔ ہمارا ہدف منشیات اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ پر مبنی پورے نظام کو مکمل طور پر ختم کرنا ہونا چاہیے۔‘‘ میٹنگ میں صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں ’وائبرنٹ ولیج پروگرام‘ کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔










