ساگر نے سوپور، بارہمولہ میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا اور گرڈ سٹیشنوں کی مقررہ مدت میں اَپ گریڈ کرنے پر زور دِیا

ساگر نے سوپور، بارہمولہ میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا اور گرڈ سٹیشنوں کی مقررہ مدت میں اَپ گریڈ کرنے پر زور دِیا

شمالی کشمیر میں زیراِلتوأ منصوبوں پر کام تیز کرنے ، خراب کھمبوں کو تبدیل کرنے اور بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کی ہدایت

سوپور//وزیر برائے ریونیو، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، قانون، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف،رِی ہیبلٹیشن و رِی کنسٹرکشن اور الیکشن محکمہ جات علی محمد ساگر نے عمرگڑھ، سوپور اور دلنہ کا تفصیلی دورہ کیا ۔اِس دورے کے کا مقصد بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی صورتحال ، جاری اَپ گریڈیشن کے کاموں اورشمالی کشمیر کے لوگوں کو بجلی سے متعلق درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران اُنہوں نے عمرگڑھ اور دلنہ گرڈ سٹیشنوں کا معائینہ کیا اور موجودہ ٹرانسمیشن اورڈِسٹربیوشن نیٹ ورک کے کام کاج جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سوپور، بارہمولہ، رفیع آباد اور ملحقہ علاقوں میں قابلِ اعتماد اور بلا تعطل بجلی سپلائی کو متاثر کرنے والے کئی دیرینہ مسائل کا بھی جائزہ لیا۔وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی اِرشاد رسول کار، ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید احمد بیگ،رُکن اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر اور سابق ڈِی ڈِی سی چیئرپرسن مسرت کار کے علاوہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اورکے پی ڈِی سی ایل کے سینئر اَفسران، عوامی نمائندے اور معزز شہری بھی موجود تھے۔امرگڑھ گرڈ سٹیشن کی نصب شدہ صلاحیت 195 ایم وِی اے (33/132 کے وی) ہے اور یہ سوپور، بارہمولہ، رفیع آباد، واترگام، وٹلب اور سیڈکو اِنڈسٹریل اسٹیٹ کو بجلی فراہم کرتا ہے۔ وزیر نے وہاں موجودہ صلاحیت کا جائزہ لیا اور خطے میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اس کی توسیع اور جدید کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس اہم فیڈنگ سٹیشن کو مضبوط بنانا گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو قابلِ اعتماد بجلی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔دلنہ گرڈ سٹیشن میں 480 ایم وِی اے (220/132 کے وِی) اور 100 ایم وِی اے (33/132 کے وِی) کی تنصیبات ہیں۔ وزیرموصوف نے پورے شمالی کشمیر کے بجلی نیٹ ورک کے لئے اس کی سٹریٹجک اہمیت کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ سٹیشن 132 کے وِی سطح پر چھ ذیلی گرڈ سٹیشنوں کو بجلی فراہم کرتا ہے جبکہ 33 کے وی سطح پردلنہ، واگورہ اور پٹن کو بھی بجلی مہیا کرتا ہے۔وزیر علی محمد ساگر نے سٹیشن کی مجوزہ اَپ گریڈیشن میں تاخیر کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ نظرثانی شدہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) کی منظوری اور اس پر عمل درآمد کے عمل کو تیز کریں۔اطلاعات کے مطابق یہ رِپورٹ جمع تو کرا دی گئی ہے لیکن گزشتہ دو سے تین برسوں سے زیر اِلتوا ٔہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے ڈِسٹری بیوشن بنیادی ڈھانچے کی حالت اور خراب و پرانے بجلی کے کھمبوں، غیر محفوظ وائرنگ اور بار بار بجلی کی بندش سے متعلق عوامی شکایات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان علاقوں بالخصوص خانقائی محلہ اور دیگر متاثرہ شدہ علاقوں کا جائزہ لیں جہاں کھمبوں کو تبدیل کرنے یا منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ درختوں اور رہائشی عمارتوں سے گزرنے والی بجلی کی تاریں نہ صرف بجلی سپلائی کے تسلسل کو متاثر کرتی ہیں بلکہ سنگین حفاظتی خدشات کا باعث بھی بنتی ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیاکہ دھان کے کھیتوں میں موجود کھمبے، یا وہ کھمبے جو رہائشی اور زرعی سرگرمیوں میں رُکاوٹ بن رہے ہیں، انہیں تکنیکی طور پر ممکنہ مقامات پر منتقل کیا جانا چاہیے۔دورے کا ایک اہم پہلو ایم ایل ایز کی جانب سے یہ یقین دہانی تھی کہ جہاں بھی محکمہ کوبالخصوص نئے بجلی کے کھمبوں اور دیگر ضروری بجلی بنیادی ڈھانچے کای تنصیب کے لئے مالی مشکلات کا سامنا ہوگا ، وہ اَپنے اَپنے حلقہ ترقیاتی فنڈز سے تعاون کریں گے۔ وزیر علی محمد ساگر نے اس تعمیری اقدام کو سراہا اور کہا کہ منتخب نمائندوں اورمتعلقہ محکموں کے درمیان مربوط کوششیں عوامی شکایات کے اَزالے اور بجلی کی خدمات کو بہتر بنانے میں اِنتہائی معاون ثابت ہوں گی۔وزیربجلی نے دلنہ ورکشاپ کی تعمیر اور اسے فعال بنانے میں طویل تاخیر کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کی تکمیل اور فنڈز جاری ہونے کے باوجود معاملات کے زیرِ التوا ٔرہنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک رابطہ میٹنگ منعقدکریں اور تمام رکاوٹوں کو دور کریں۔انہوں نے زور دیا کہ ورکشاپ کو مطلوبہ مشینری، آلات اور اَفرادی قوت کے ساتھ مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔کرینوں، الیکٹریکل پینلوں اور دیگرمینی ٹیننس کے آلات کی ناکافی دستیابی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ وزیر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ ضروری مشینری کی بروقت خریداری اور دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ مرمت، کیبلنگ، منتقلی اور بحالی کے کاموں میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔وزیر موصوف نے کچھ سرکاری محکموں اور اِداروں کی جانب سے بجلی کے استعمال اور واجب الادارقوم کی ادائیگی میں پائی جانے والی تفاوت پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے محکموں کے بجلی کے استعمال کی سخت نگرانی اور بجلی کے بقایا بِلوں کی بروقت وصولی پر زور دِیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بجلی کے واجب الادا بِلوں کی ادائیگی میں جوابدہی بھی اتنی ہی اہم ہے۔اُنہوں نے تارزو، پانزی پورہ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی منصفانہ تقسیم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈِسٹری بیوشن نیٹ ورک کو معقول بنائیں اور جہاں بھی تکنیکی طور پر ممکن ہو وہاں متبادل فیڈنگ اِنتظامات سے بجلی کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے بالخصوص طلب میں پیک آورز میںلوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور بجلی کی کٹوتی کو کم سے کم کرنے پر زور دِیا۔
ساگر نے محکموں کے مابین بہتر تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیر اِلتوأ بِلوں اور متعلقہ مسائل کے حل کے لئے محکمہ آبپاشی اور پی ایچ ای کی مشترکہ میٹنگ طلب کی جائے۔ زیرِ التوا کاموں کی تیز رفتار تکمیل اور جاری شدہ فنڈز کے مناسب استعمال و اندراج کے لئے آر اینڈ بی کے ساتھ رابطے پر بھی زور دیا گیا۔ زین گیر بلاک سے متعلق مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی تاکہ ان پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔دوران گفتگو منیجنگ ڈائریکٹرکے پی ڈِی سی ایل نے وزیر موصوف کو یقین دِلایا کہ بجلی کھمبوں کی تبدیلی و منتقلی، ڈسٹری بیوشن کی خامیوں اور تارزو، پانزی پورہ اور ملحقہ علاقوں میں بجلی سپلائی کو معقول بنانے سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے یہ بھی یقین دِلایا کہ بجلی کی بندش کو کم سے کم کرنے اور مجموعی سپلائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ضروری تال میل برقرار رکھا جائے گا۔علی محمد ساگر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ٹرانسمیشن اور ڈِسٹری بیوشن نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، فرسودہ بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کرنے، رُکے ہوئے منصوبوں کو تیز کرنے اور موجودہ گرڈ سٹیشنوں کی صلاحیت بڑھانے کے لئے ایک’ ٹائم بائونڈ‘ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔اُنہوں نے طویل مدتی اورنتائج پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کشمیر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو محض عارضی اِنتظامات اور معمولی اَقدامات سے پورا نہیں کیا جا سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کو وسائل کی کمی کی روایتی توجیہات سے آگے بڑھ کر مؤثر منصوبہ بندی، تال میل اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔وزیر موصوف نے کہا کہ بجلی کی قابل اعتماد فراہمی ایک عوامی خدمت ہے اور حکومت بنیادی ڈھانچے کی مسلسل ترقی اور خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنا کرلوگوںکے جائز مسائل کو دُور کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کو اوّلین ترجیح دیں، ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنائیں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ قریبی تال میل سے کام کریں تاکہ سوپور، بارہمولہ اور پورے شمالی کشمیر کے لوگوںکو بہتر، محفوظ اورزیادہ قابل اعتماد خدمات میسر آ سکیں۔