اہم سڑک ، تعلیم اور پانی کی فراہمی کے پروجیکٹوں کا افتتاح ، 50 ایم وی اے گرڈ سب سٹیشن ، سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا
مینڈھر ( پونچھ )//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے پونچھ کے سرحدی ضلع میں مینڈھر کے لوگوں کیلئے 92.84 کروڑ روپے کے 13 ترقیاتی پروجیکٹوں کو وقف کیا جس سے سرحدی حلقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ضروری عوامی خدمات کو تقویت ملی ۔ سڑک کنیکٹیویٹی ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے ، سیلاب سے بچاؤ ، تعلیم اور پینے کے پانی کی فراہمی پر مشتمل منصوبوں میں 8 افتتاحی اور 5 سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریبات شامل ہیں جو بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے اور دور دراز اور سرحدہ علاقوں تک ترقی کو بڑھانے پر حکومت کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتی ہیں ۔ بڑے پروجیکٹوں میں سے وزیر اعلیٰ نے مینڈھر میں 50 ایم وی اے ، 132/33 کے وی گرڈ سب اسٹیشن کا سنگِ بنیاد رکھا ، جس کے ذریعہ 49.40 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا ۔ اس منصوبے سے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کرنے اور علاقے میں بجلی کی تقسیم کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی امید ہے ۔ انہوں نے تحصیل مینڈھر میں مینڈھری نالہ کے دونوں کناروں پر گرسائی اور منکوٹ کے درمیان خطر ناک مقامات پر سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جس کی تخمینہ لاگت 12.13 کروڑ روپے ہے جس کا مقصد سیلاب سے محفوظ رہنے والی آبادیوں اور ملحقہ زمینوں کی حفاظت کرنا ہے ۔ سڑک کے رابطے کے شعبے میں وزیر اعلیٰ نے 16.30 کلو میٹر کی مشترکہ لمبائی پر محیط 6 سڑک کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جنہیں 20.19 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ان میں پہلے مرحلے کے تحت جڑانوالی گلی سے دھرا والی گلی براستہ سی ایف سی رحمت پور ، مین بابو موڑ تا بٹنگیہ براستہ محلہ کھٹانہ گھائی کلر ، ایس کے مین روڈ سے تھلاں کالا بن ، مین روڈ ایس کے تا دھرن فیض آباد ، ادر سے چاروں گلی براستہ ہائی سکول گورسیاں اور گرھا نیمہ چوگان سے حدین گلی شامل ہیں ۔ انہوں نے گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول مینڈھر میں 1.59 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ٹوائلٹ کمپلیکس سمیت ایک ڈبل منزلہ ( 5+5 ) عمارت کا بھی افتتاح کیا اس کے علاوہ جل جیون مشن کے تحت بہرہ کے ڈھیری ، بنڈی ، ڈھلی اور نرمن دیہاتوں کیلئے پانی کی فراہمی کی اسکیم کا بھی افتتاح کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے مزید 1 کروڑ روپے کی لاگت سے دھرانہ محلہ ناکہ سے محلہ مقدم ہائی سکول ، اپر دھرانہ سے جوڑنے والی 1.50 کلو میٹر سڑک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ تعلیم کے شعبے میں انہوں نے پٹھانیٹر میں تعلیمی طور پر پسماندہ بلاک کیلئے 3.72 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ماڈل اسکول اور ڈی اے جے جی یو اے اسکیم کے تحت 1.13 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے اسکول کیلئے ایک ٹیچر اور اسٹاف ہوسٹل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مینڈھر میں پینے کے پانی کی فراہمی اور پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے تین نئے روٹوں پر جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی کی بسیں اور پینے کے پانی کی دستیابی کو مزید بہتر بنانے کیلئے دو واٹر ٹینکرز خدمات کو بھی جھنڈی دکھائی ۔ افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری ، وزراء جاوید احمد رانا اور الطاف احمد وانی ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اسرنکوٹ چودھری محمد اکرم ، ڈپٹی کمشنر پونچھ ، تمام ضلعی ، سیکٹرل افسران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔
ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے حکومت کی طرف سے عوام کے ساتھ اپنے وعدوں خاص طور پر سماجی بہبود ، پبلک ٹرانسپورٹ ، تعلیم ، بھرتی اور دربار موو کی بحالی کو پورا کرنے کیلئے کئے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنا ایک اہم عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دہلی کے دوراں کے دوران ملاقاتوں میں وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کو لوگوں کو دی گئی یقین دہانی کو مسلسل یاد دلایا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تاریخی مغل روڈ کے ذریعے پیر پنچال خطہ اور کشمیر کے درمیان ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنا سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کا خواب تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹنل پر کام جلد شروع دیا جائے گا اور آنے والے برسوں میں یہ سڑک سال بھر کھلی رہے گی جس سے دونوں خطوں کے درمیان ہر موسم کے رابطے کو یقینی بنایا جا سکے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے فلاحی وعدوں کے نفاذ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 12 سلنڈروں کے وعدے کے تحت غریب ترین گھرانوں کو سالانہ چھ مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے شمسی توانائی کے ذریعے 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کی جانب پیش رفت کا بھی حوالہ دیا ۔
خواتین پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے اقدامات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے سرکاری بسوں میں مفت سفر متعارف کرایا گیا ہے جس سے خاص طور پر اسکولوں اور کالجوں میں جانے والی طالبات کو فائدہ ہو گا ۔ حکومت نے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کیلئے شادی کی امداد میں اضافے کے علاوہ بڑھاپے اور بیوہ پنشن سمیت سماجی تحفظ کے فوائد میں بھی اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے تعلیمی کلینڈر میں حکومت کی مداخلت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت کے قیام کے فوراً بعد اسکول کے امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تا کہ طلباء اور والدین کے خدشات کو دور کیا جا سکے جنہوں نے مارچ کے امتحانات کے شیڈول سے نومبر ۔ دسمبر کے سیشن میں تبدیلی کی درخواست کی تھی ۔ دربار موو کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے تاریخی عمل کو بحال کرنے کے اپنے عہد کو پورا کیا ہے جسے انہوں نے جموں کی اہمیت کو برقرار رکھنے اور اس کے انتظامی اور اقتصادی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کیلئے اہم قرار دیا ۔










