موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی آگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر جاری

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی آگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر جاری

بخاریوں کے استعمال کے دوران کمرے میں مناسب ہوا کی آمد و رفت کا انتظام انتہائی ضروری /محکمہ فائر سروس

سرینگر / این این بی // وادی کشمیر میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے شہریوں کو آگ لگنے کے واقعات سے بچاو ¿ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال اکتوبر تک سرینگر ضلع میں آگ لگنے کے 493واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کم ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کشمیر،عاقب حسین میر نے کہا کہ موسم سرما کے دوران ہیٹنگ آلات کے استعمال میں اضافہ ہونے کے باعث گھروں میں آگ لگنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں، اس لیے عوام کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے موسم سرما کیلئے ایک جامع فائر سیفٹی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، جس میں لوگوں کو ہیٹنگ آلات، ایل پی جی بخاریوں، کانگڑیوں اور الیکٹرک کمبلوں کے استعمال کے دوران حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔عاقب حسین میر نے کہا کہ رواں سال سری نگر ضلع میں آگ لگنے کے واقعات کی تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں کم رہی ہے، تاہم سردیوں کے دوران معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیٹنگ کے لیے صرف معیاری اور آئی ایس آئی مارک والے آلات ہی خریدیں اور انہیں مجاز ڈیلروں سے حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے ہیٹنگ آلات کو استعمال کرنے سے قبل مستند اور ماہر ٹیکنیشن سے لازماً چیک اور سروس کروایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خرابی کے باعث آگ لگنے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خراب یا غیر معیاری برقی آلات، تاروں اور ہیٹرس کا استعمال نہ صرف شارٹ سرکٹ بلکہ آگ لگنے کے بڑے حادثات کا باعث بن سکتا ہے۔ایل پی جی بخاریوں کے حوالے سے عاقب حسین میر نے کہا کہ ان کے استعمال کے دوران کمرے میں مناسب ہوا کی آمد و رفت کا انتظام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایل پی جی بخاری کا غیر محفوظ یا ناقص طریقے سے استعمال کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج کا باعث بن سکتا ہے جو صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاربن مونو آکسائیڈ زہریلی گیس ہے اور اس کی وجہ سے سنگین طبی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، حتیٰ کہ بروقت علاج یا مدد نہ ملنے کی صورت میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لیے بند کمروں میں گیس سے چلنے والے حرارتی آلات استعمال کرتے وقت مناسب وینٹیلیشن کو یقینی بنانا چاہیے۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے کشمیری روایتی حرارتی آلہ کانگڑی استعمال کرنے والوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔عاقب حسین میر نے کہا کہ کانگڑی کو پردوں، بستر، کپڑوں، فرنیچر اور دیگر آتش گیر اشیا سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگڑی کو کبھی بھی بغیر نگرانی کے نہ چھوڑا جائے، خصوصاً ایسے مقامات پر جہاں بچے موجود ہوں۔محکمہ نے الیکٹرک کمبل استعمال کرنے والے افراد کو بھی متعدد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرک کمبل کو گیلی یا نم سطح پر استعمال نہ کیا جائے اور اسے گرم پانی کی بوتل کے ساتھ بیک وقت استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔محکمہ کے مطابق برقی رساؤکی صورت میں شارٹ سرکٹ یا جھلسنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ شہریوں کو خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ سونے سے قبل الیکٹرک کمبل کو لازماً بند کر دیں اور خراب یا کٹی ہوئی تاروں والے کمبل استعمال نہ کریں۔محکمہ فائر سروس نے گھروں کے رہائشی حصوں اور بالخصوص چھتوں یا اٹاریوں میں خشک گھاس، چارہ اور کوئلہ ذخیرہ کرنے سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔محکمہ کے مطابق یہ مواد انتہائی آتش گیر ہوتا ہے اور آگ لگنے کی صورت میں شعلوں کو تیزی سے پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے، جس سے معمولی نوعیت کی آگ بھی بڑے حادثے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔محکمہ نے ہر گھر میں کم از کم ایک معیاری 5سے 6 کلوگرام ڈی سی پی فائر ایکسٹنگوشر رکھنے کی سفارش کی ہے۔ ساتھ ہی خاندان کے افراد کو اس کے درست استعمال سے واقف کرانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں ابتدائی مرحلے پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا سکے۔عاقب حسین میر نے کہا کہ آگ لگنے کی صورت میں شہری گھبرانے کے بجائے فوری طور پر 101پر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دیں یا قریبی فائر اسٹیشن سے رابطہ کریں۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ موسم سرما کے دوران احتیاطی تدابیر کو معمول کا حصہ بنائیں اور ہیٹنگ آلات کے استعمال میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی سے گریز کریں، تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو ممکنہ آتشزدگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔