بلیک نیکڈ کرین کی تعداد 108 تک پہنچ گئی، ایک سال میں 25 فیصد اضافہ
سرینگر / این این بی // لداخ میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لداخ کے ریاستی پرندے اور معدومیت کے خطرے سے دوچار بلیک نیکڈ کرین کی تعداد سال 2026 میں بڑھ کر 108ہو گئی ہے۔ یہ تعداد سال 2025 میں ریکارڈ کی گئی 87 پرندوں کی تعداد کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد زیادہ ہے۔نیشنل نیوز بیورو (این این بی ) کے مطابق لداخ میں مقامی پرندے کے تحفظ کی کوششیں رنگ لانے لگیں کیونکہ بلیک نیکڈ کرین کی تعداد 108 تک پہنچ گئی۔ سال 2026 کے افزائش نسل کے موسم کے دوران کیے گئے سروے کے مطابق لداخ میں مجموعی طور پر 86بالغ بلیک نیکڈ کرین اور 22 کم عمر پرندے ریکارڈ کیے گئے۔ گزشتہ سال 2025 میں 70 بالغ اور 17 کم عمر پرندے موجود تھے۔ حکام کے مطابق پرندوں کی تعداد میں یہ اضافہ خطے میں جاری تحفظ جنگلی حیات کی کوششوں اور افرائش نسل کے لیے سازگار ماحول کی نشاندہی کرتا ہے۔سروے کے دوران بلیک نیکڈ کرین کے مختلف افزائشی مقامات میں چوشول میں سب سے زیادہ 16 پرندے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ تسوقر اور کرگیام میں 15، 15 پرندے موجود پائے گئے۔ اس کے علاوہ کورزوک میں 14 پرندے ریکارڈ کیے گئے۔ان چاروں مقامات پر مجموعی طور پر 60بلیک نیکڈ کرین ریکارڈ ہوئے، جو چانگ تھانگ خطے میں سروے کے دوران درج کی گئی کل تعداد کا تقریباً 56فیصد بنتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بلیک نیکڈ کرین کی بالغ آبادی میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سال 2021 سے 2025 کے درمیان بالغ پرندوں کی تعداد میں اوسط سالانہ شرح نمو تقریباً 12.9فیصد رہی۔سال 2026 کے سروے میں 22 کم عمر پرندوں کی موجودگی بھی افزائش نسل کی مسلسل سرگرمیوں کی واضح علامت قرار دی گئی ہے۔ 2025 میں 17 کم عمر پرندے ریکارڈ ہوئے تھے، جبکہ 2021 میں یہ تعداد صرف 9 تھی۔ اگرچہ 2022 میں ہیچلنگز کی تعداد 7 تک گر گئی تھی، تاہم اس کے بعد افزائشِ نسل میں بتدریج بہتری دیکھی گئی ہے۔اسی دوران لداخ کے لیفٹنٹ گورنر وی کے سکسینہ نے بلیک نیکڈ کرین کے تحفظ میں ماحولیاتی تحفظ فورس بالخصوص فورس میں شامل سابق فوجی اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ فورس نے بلیک نیکڈ کرین کے گھونسلوں، انڈوں اور نومولود پرندوں کو آزادانہ گھومنے والے کتوں سے لاحق سنگین خطرے سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکام کے مطابق افزائشی مقامات پر زمینی سطح پر تحفظ کے اقدامات اس نایاب پرندے کی آبادی میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔سکسینہ نے مقامی برادریوں، خصوصاً نوجوانوں کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کا فعال تعاون لداخ کے منفرد ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے بلیک نیکڈ کرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو لداخ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ریاستی پرندہ نہیں بلکہ لداخ کے منفرد ماحولیاتی ورثے کی ایک قیمتی علامت ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مو ¿ثر تحفظاتی اقدامات کے نتیجے میں آنے والے برسوں میں بلیک نیکڈ کرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگلی حیات اور نازک ماحولیاتی نظام کا تحفظ مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس قدرتی ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔










