سوریہ ونشی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم عمر کپتان بن گئے

سوریہ ونشی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم عمر کپتان بن گئے

اندور/یو این آئی// 15 سال اور 232 دن کی عمر میں ویبھو سوریہ ونشی نے مینس T20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم عمر کپتان بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انہوں نے 2026-27 سید مشتاق علی ٹرافی میں بہار کی جانب سے سوراشٹر کے خلاف افتتاحی مقابلے میں میدان میں اترتے ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ سوراشٹر کی قیادت جے دیو انادکٹ کر رہے تھے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ کروشیا کے زیک ووکوسک کے نام تھا، جنہوں نے 17 سال اور 311 دن کی عمر میں اپنی قومی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ یہ ویبھو کے مختصر کریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ محض پانچ ماہ قبل ویبھو نے انڈیا کیلئے ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، جبکہ دس ماہ سے بھی کم عرصہ پہلے زمبابوے میں انڈیا کو انڈر 19عالمی کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ویبھو کی ٹیم میں شمولیت بہار کیلئے حوصلہ افزا ہے ، جو 2026-27 رنجی ٹرافی سیزن کے پہلے مرحلے میں مسلسل چار شکستوں کے بعد مشکلات سے دوچار ہے ۔ تاہم، ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کے بعد ویبھو 12 گیندوں پر 18 رن بنا سکے ۔ انہیں بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز چیتن سکاریہ نے کاٹ اینڈ بولڈ آؤٹ کیا۔ اب ویبھو ٹورنمنٹ میں صرف ایک اور میچ کھیل سکیں گے ، جس کے بعد وہ 19 نومبر سے دوحہ میں شروع ہونے والے اے سی سی رائزنگ اسٹارز ایمرجنگ ٹورنامنٹ کے لیے انڈیا اے ٹیم سے جڑ جائیں گے ۔ یہ ٹورنامنٹ 50اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ ویبھو نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے دورے پر ہندوستان کیلئے 19 گیندوں پر 45 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے ابھیشیک شرما کے ساتھ محض 7.1 اوور میں 133 رن کی ابتدائی شراکت قائم کی تھی۔ انہوں نے اس سیریز میں مجموعی طور پر دو ٹی 20 بین الاقوامی مقابلے کھیلے تھے ، جس میں ہندوستان نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔