ایس اے ایس سی آئی کاموں کا پندرہ روزہ جائیزہ ، منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل اور ترقیاتی فنڈز کی بروقت فراہمی کا حکم دیا
اودھمپور//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے اودھمپور میں ایک جامع جائیزہ اجلاس کی صدارت کی تا کہ ضلع کے ترقیاتی منظر نامے ، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور ضروری عوامی خدمات کی فراہمی کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائیں اور حکومتی اسکیموں کے فوائد وقت پر لوگوں تک پہنچیں ۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے دیہی ترقیاتی محکمہ ( آر ڈی ڈی ) کے چاترقیاتی منصوبوں کا ای افتتاح کیا جو مجموعی طور پر 5.06 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئے اور ضلع میں بنیادی ترقیاتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنایا ۔ جن ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا گیا ان میں235.76 لاکھ روپے کی لاگت سے ضلع ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) بلڈنگ اودھمپور، 80.17 لاکھ روپے کی لاگت سے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ( بی ڈی سی ) بلڈنگ پرلیدھر ، 84.41 لاکھ روپے کی لاگت سے بی ڈی سی بلڈنگ جگانو اور 106.32 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی بی ڈی سی بلڈنگ سیونا شامل ہیں ۔ یہ منصوبے کیپیکس بجٹ کے تحت عمل میں لائے گئے ہیں اور اودھمپور ایسٹ ، رام نگر اور چنینی حلقوں کی خدمت کرتے ہیں ۔ جائیزہ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے کہاترقیاتی منصوبوں کو مربوط اور وقت کی پابندی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور ہر سطح پر احتساب کو یقینی بنایا جائے ۔ اس طرح کے منصوبوں جو خصوصی مدد ریاستوں کو سرمایہ کاری کیلئے ( ایس اے ایس سی آئی ) کے تحت چلائے جا رہے ہیں ، کی قریب سے نگرانی کا حکم دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی پیش رفت کا دو ہفتے میں جائیزہ لیا جائے تا کہ رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے ، عمل درآمد سے متعلق مسائل کا حل کیا جا سکے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے مختص فنڈز کے زیادہ سے زیادہ استعمال اوردستیاب مالی مدد سے ضلع کو مکمل فائدہ پہنچانے کی ضرورت پر زوردیا ۔
وزیر اعلیٰ نے مختلف ترقیاتی اور ریلیف اسکیموں ، خاص طور پر حلقہ ترقیاتی فنڈ ( سی ڈی ایف ) کے تحت فنڈز کی بروقت فراہمی پر بھی زور دیا اور کہا کہ فنڈز کی تقسیم میں تاخیر عوامی کاموں میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیے اور نہ ہی مستحقین کو بروقت مدد سے محروم کرنا چاہئیے ۔ منصوبوں کی عمل درآمد کے مسائل پر عمر عبداللہ نے ضلعی حکام کو ہدایت دی کہ مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق رُکی ہوئی جنگلاتی کلیئرنسز کو تیز کیا جائے اور متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جائے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اودھمپور نے ضلع کی مجموعی ترقیاتی پروفائل ، شعبہ وار کامیابیوں ، جاری منصوبوں ، مالیاتی پیش رفت اور موسم سرما کی تیاریوں پر تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ عوامی شکایات کے ازالے کے بارے میں میٹنگ کو بتایا گیا کہ ضلع نے جے کے سمادھان پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا 96 فیصد ازالہ کر کے ایک اعلیٰ شرح حاصل کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے جوابدہ انتظامیہ اور عوامی شکایات کے بروقت حل کی اہمیت پر زور دیا ۔ دورے کے دوران کئی وفود نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں اور شعبوں سے متعلق مختلف عوامی مسائل اور مطالبات سے انہیں آگاہ کیا ۔ میٹنگ میں وزراء علی محمد ساگر ، سکینہ ایتو ، جاوید رانا ، میر سیف اللہ ، شمیم فردوس اور الطاف احمد وانی ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے چنینی بلونت سنگھ منکوٹیہ ، ایم ایل اے اودھمپور ویسٹ پو ن کمار گپتا ، ایم ایل اے اودھمپور ایسٹ رنبیر سنگھ پٹھانیہ ، ایم ایل اے رام نگر سنیل بھردواج ، قائمقام چیف سیکرٹری شلیندر کمار ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا ، ڈویژنل کمشنر جموں وکاس کنڈل ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور اننت دویدی اور مختلف محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی سربراہان موجود تھے ۔










