لیفٹیننٹ گورنر نے سکاسٹ کشمیر میں چار بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا اِفتتاح کیا اور

لیفٹیننٹ گورنر نے سکاسٹ کشمیر میں چار بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا اِفتتاح کیا اور

فارمز سنٹرک اِنوویشن ، اَنٹرپرینیور شپ اور سمارٹ ایگر ی کلچر پر زوردِیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سکاسٹ کشمیر میں چار اہم بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا اِفتتاح کیا اور غذائی تحفظ،دیرپا زراعت اور دیہی ترقی سے متعلق چیلنجوں کا عملی حل فراہم کرنے میں زرعی یونیورسٹیوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹیاں ایسے منفرد اِدارے ہیں جہاں ملک کی غذائی تحفظ سے جڑے خدشات اور خواہشات کو ٹھوس حل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج جن چار سہولیات کا اِفتتاح کیا گیا وہ اِجتماعی طور پر سمارٹ زراعت اور دیہی ترقی کے جامع ویژن کی عکاسی کرتے ہیں۔اُنہوں نے سولرانرجی سے چلنے والے اِنٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) پر مبنی آبپاشی اور فرٹیگیشن سسٹم کا اِفتتاح کیاجو فصلوں کوصحیح مقدار اور صحیح وقت پر پانی اور غذائی اجزأ فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی چھوٹے اور پسماندہ کاشت کاروںکو فائدہ پہنچانے کی قابلِ قدر صلاحیت رکھتی ہے کیوں کہ اس سے محنت طلب آبپاشی کے طریقوں اور روایتی توانائی پر انحصار میں کمی آئے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پروٹوٹائپ ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کا بھی اِفتتاح کیا جو اِختراعی تصورات کو عملی زرعی آلات اور ٹیکنالوجیوں میں ڈھالنے میں مدد دے گا۔ اُنہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ سہولیت میکانائزیشن کو فروغ دے گی اور لیبارٹری ریسرچ اور فیلڈ لیول ایپلی کیشن کے درمیان فاصلے کو کم کرے گی۔اُنہوں نے اَنٹرپرینیورشپ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے نئے قائم کردہ ڈائریکٹوریٹ آف اِنوویشن اینڈ اَنٹرپرینیورشپ کو ایک تبدیلی کا اقدام قرار دیا۔ اُنہوں نے طلبأ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سیڈ ٹیسٹنگ، کولڈ چین مینجمنٹ اور ہیلتھ سوئیل سے متعلق خدمات جیسے شعبوں میں کاروباری اِدارے قائم کر کے روزگار پیدا کرنے والے بنیں۔ اُنہوں نے یونیورسٹی سے کہا کہ وہ ڈائریکٹوریٹ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر تیار کرے جو جموں کشمیر کے نوجوان کاروباریوں کے لئے سرمایہ تک رسائی میں رہنمائی اور مدد فراہم کرے۔منوج سِنہانے ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا بھی اِفتتاح کیا اور اسے طلبأ اور فیکلٹی ممبران کی فلاح و بہبود کے لئے یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم اضافہ قرار دیا۔اُنہوں نے مسلسل عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے سکاسٹ کشمیر سے کہا کہ وہ آئندہ سال کے اندر آبپاشی کی نئی ٹیکنالوجی کو دیہات تک پہنچائے اور اس کی بہتری میں کسانوں کو فعال طور پر شامل کرے۔ اُنہوں نے سینسروںکے ذریعے جمع کردہ ڈیٹا کو مقامی زبانوں میں سادہ اور آسان زرعی مشوروں میں تبدیل کرنے اور انہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے کسانوں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے یونیورسٹی پر مزید زور دیا کہ وہ طلبأ کی زیرِ قیادت کم از کم 100 سٹارٹ اَپس کے قیام میں سہولیت فراہم کرے ، لیبارٹریوں، کوآپریٹیو سوسائٹیوں، کسان۔پیداواری تنظیموں اور کسانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنائے اور مستقبل کے پروگراموں کے سینٹر میں نوجوانوں اور خواتین کسانوں کو رکھے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کو کسان کا ساتھی بنانا ہوگا۔ ہمارا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ آنے والے ایک سال کے اندر سکاسٹ کشمیر کیمپس سے کم از کم 100 طلبأ کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اِدارے اور سٹارٹ اَپس قائم ہوں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یونیورسٹی کو لیبارٹریوں اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں ، کسان پیداواری تنظیموں اور محققین اور چھوٹے و پسماندہ کسانوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار اَدا کرنا چاہیے۔ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان اور خواتین کسان ہر پروگرام کے مرکز میں ہوں۔‘‘اُنہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے چیلنجوں پر زور دیتے ہوئے یونیورسٹی سے کہا کہ وہ دیرپا ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو اَپنی شناخت کا مرکزی حصہ بنائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ترقی کا حقیقی پیمانہ کسانوں کی آمدنی میں بہتری، ان کی معاشی تحفظ کو مضبوط بنانے اور دیہی علاقوں میں مواقع کو وسیع کرنے میں مضمر ہے۔
جموں و کشمیر کی شناخت اس کے محنتی کسانوں،دست کاروں اور زراعت، باغبانی اور دستکاری کی اس کی شاندار روایات میں پنہاںہے۔گزشتہ چھ برسوں میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے دِی پی) کے منصوبوں اور کسان دوست پالیسیوں نے جموں و کشمیر کی دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لئے روزگار اوراَنٹرپرنیور شپ کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’کسی بھی جدید ٹیکنالوجی یا جدید آلات کی حقیقی کامیابی تب ہی ہوگی جب ان کے فوائد دیہاتوں کے چھوٹے کسانوں تک پہنچیں اور ان کی آمدنی میں حقیقی اضافہ ہو۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا،’’میرا ماننا ہے کہ کسی بھی تبدیلی کی سب سے بڑی کسوٹی یہ ہے کہ وہ کسان کی زِندگی میں کتنا مثبت فرق لاتی ہے۔ ہماری ترقی کا حقیقی پیمانہ کسانوں کی بڑھتی ہوئی آمدنی، ان کا معاشی تحفظ، ان کے کنبوں کا بہتر مستقبل اور دیہی علاقوں میں ابھرنے والے نئے مواقع ہونے چاہئیں۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ایک’کافی ٹیبل بُک‘ جاری کی جس میں سکاسٹ کشمیر کی کامیابیوں اور اس کے ادارہ جاتی سفر کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ اِدارہ جاتی ڈیٹا مینجمنٹ اور ایکریڈی ٹیشن سے متعلق عمل کو مضبوط بنانے کے لئے ایک ملٹی ٹیئر ڈیٹا مینجمنٹ اینڈ ایکریڈی ٹیشن ورک فلو سسٹم بھی شروع کیا گیا۔اِفتتاحی تقریب میں وزیر برائے زرعی پیداوار ،فائنانس، کان کنی و اِمدادِ باہمی محکمہ جات جاوید احمد ڈار، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی، ڈائریکٹر سکمزپروفیسر محمد اشرف گنائی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگراَکشے لابرو، رجسٹرار سکاسٹ کشمیرپروفیسر عظمت عالم خان، شعبہ جات کے سربراہان، سینئر اَفسران، اَساتذہ اور طالب علموں نے شرکت کی۔