لیفٹیننٹ گورنر نے کولگام میں ویشو فیسٹول کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے کولگام میں ویشو فیسٹول کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے اَدبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے’ ویشو آرکائیو‘ قائم کرنے پر زور دِیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کولگام میں’ ویشو فیسٹول ‘کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ فیسٹول جموں و کشمیر کی فکری، اَدبی اور ثقافتی بیداری کی علامت بن کر اُبھرا ہے۔اُنہوں نے سکالروں، اَدیبوں، شعرأ، فن کاروں اور اَد بی شوقین لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2023میں اِس کے آغاز کے بعد سے یہ فیسٹول مکالمے، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی تبادلے کے لئے ایک متحرک اور وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم بن گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اَدیبوں اور قارئین کی بڑھتی ہوئی شرکت اِس بات کا ثبوت ہے کہ خیالات اور تخلیقی اظہار جغرافیائی حدود سے ماورا ہوتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کولگام کے شاندار تہذیبی ورثے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع ایک ایسی منفرد ثقافتی روایت کی نمائندگی کرتا ہے جہاں روحانیت، تخلیقی صلاحیت، فطرت اور اِنسانیت طویل عرصے سے ہم آہنگی کے ساتھ موجود ہیں۔منوج سِنہا نے ریشی صوفی روایت کے اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے یوگنی للیشوری، نند ریشی، سیّد حسین سمنانی اور دیگر بزرگوں اور مفکرین کی خدمات کو یاد کیا جنہوں نے خطے میں ہمدردی، سادگی، بھائی چارے اور روحانی بیداری کی بنیادیں رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ ریشی صوفی روایت کے عالمی اِنسانی نظرئیے میں اِنسانیت کو تقسیم سے اور مکالمے کو اختلاف سے بالاتر رکھتا ہے۔ اُنہوں نے ’ویشو اَدبی فیسٹول‘ کو اس زندہ و رثے کے جدیداِظہار اور خیالات، تخلیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے امکانات کے جشن سے تعبیر کیا۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے فیسٹول کے منفرد انداز کو سراہاجو اَدب، فن، ورثے اور روزگار کو مربوط کرتا ہے۔ اَدبی مباحثوں اور کتابوں کی رسم رونمائی کے علاوہ اس فیسٹول میں روایتی دستکاری اور ثقافتی ورثے کی نمائش بھی کی جاتی ہے، جس میں ایک’ قدیم گاؤں‘ بھی شامل ہے جو خطے کی تاریخ اور روایات کو اُجاگر کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’اس فیسٹول میں کتابیں، فن اور ذریعہ معاش یکجا ہیں جو یہ پیغام دیتے ہیں کہ مصنفین اور شعرأ سے مکالمے، کتابوں کی رسم رونمائی اور باہمی گفتگو کے ساتھ ساتھ کاریگروں کی دستکاری کی بھی پیش کیا جائے گا۔ ان سب کے درمیان ایک ’قدیم گاؤں ‘ہے جو ہمارے ورثے کی علامت ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ ہر شخص نے ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ سیکھا ہوگا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے فیسٹول کی مستقبل میں ترقی کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا۔ ان میں زبانی روایات، لوک کہانیوں اور لوک شاعری کی دستاویز بندی کے لئے ’’ ویشو آرکائیو‘‘ کا قیام،کثیر لسانی تراجم کو فروغ دینے کے لئے جدید لسانی ٹیکنالوجی کا اِستعمال، دُور دراز دیہاتوں تک موبائل لائبریریوں کی توسیع،فیسٹول کا سیاحت، دستکاریوں اور ہوم اسٹے کے ساتھ مربوط کرنا اور ملک بھر سے مصنفین اورشعرأ کو راغب کرنے کے لئے’’ ویشو رائٹرز ریذیڈنسی‘‘ کا قیام شامل ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں’ ویشوفیسٹول ‘کو براہِ راست سیاحت اور دستکاریوں سے جوڑنا چاہیے۔فیسٹول کی برانڈنگ سے فائدہ اُٹھا کر خطے کے ہوم اسٹے اور غیر معروف سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اِس فیسٹول کو ایک ثقافتی تحریک میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔‘‘منوج سِنہانے نوجوانوں کو بھی ترغیب دی کہ وہ کولگام کی کہانیوں، روایات، اَدب اور دستکاریوں کو دستاویزی شکل دینے اور فروغ دینے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور پوڈکاسٹ کا اِستعمال کریں۔اُنہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ فیسٹول نوجوان ذہنوں کو متاثر کرے گا، دست کاروں کی معاونت کرے گا اور جموں و کشمیر کے ایک قومی ثقافتی مرکز کے طور پر اُبھرنے کے عمل کو تقویت دے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’آئیے ،ہم اپنے شاندار ورثے کو محفوظ کریں، ثقافت کو فروغ دیں اور ایک نئے جموں و کشمیر کی تشکیل کریں۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ’’کیپرز آف ویشو ہیرٹیج‘‘ کو اعزاز سے نوازا۔ اُنہوں نے ویشو روایات پر مبنی نمائش کا بھی دورہ کیا اور فیسٹول میگزین کا اجرأ کیا۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی، سابق چیئرمین ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کولگام محمد افضل پرے، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، آئی جی پی کشمیر سُجیت کمار،ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید اقبال متو،ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شہزاد عالم، ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری، ادبی شعبے کی نمایاں شخصیات، نوجوان اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔