آر اے ایم پی سکیم کے تحت دستکاری پر مبنی پریہ پروگرام ہر جمعہ کو رات ساڑھے آٹھ بجے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا
سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے ’’ہنر نامہ : دی کرافٹ سٹوری‘‘ کے نام سے ایک خصوصی ٹیلی ویژن پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد کشمیر کے شاندار دستکاری اور ہینڈلوم ورثے کو اُجاگر کرنا اور یہاں کے ہنرمندوں، دستکاریوں اور روایات سے وابستہ کہانیوں کو وسیع تر ناظرین تک پہنچانا ہے۔یہ پروگرام ’’رائزنگ اینڈ ایکسیلیریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس (آر اے ایم پی)‘‘ سکیم کے تحت شروع کیا گیا ہے اور ہر جمعہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے 9بجے تک ڈِی ڈِی کاشر پرٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔یہ پروگرام ناظرین کو ان ہنرمندیوں، مہارتوں اور روایات کے بارے میں دِلچسپ معلومات فراہم کرے گا جنہوں نے کشمیر کی منفرد دستکاری کی میراث کو تشکیل دیا ہے۔اِس پروگرام کا مقصد مقامی دستکاروں کی غیرمعمولی کاریگری اور کشمیر کی روایتی دستکاریوں کی ثقافتی، تاریخی اور معاشی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ اِس کے علاوہ یہ ان کاریگروں کی لگن، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سامنے لانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا جنہوں نے ان منفرد روایات کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کیا ہے۔’’ہنر نامہ : دی کرافٹ سٹوری‘‘ کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ کا مقصد لوگوںتک رسائی کو مضبوط بنانا، روایتی دستکاریوں کو زیادہ نمایاں کرنا اور کشمیر کی دستکاری و ہینڈلوم مصنوعات کے تئیں لوگوں میں دلچسپی اور قدرشناسی کو فروغ دینا ہے۔یہ اَقدام روایتی دستکاری پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور وسیع تر مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم اِی) نظام میں ان کی شناخت اور رسائی بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔یہ پروگرام آر اے ایم پی سکیم کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے جس میںایم ایس ایم اِی کو مضبوط بنانے، ان کی مسابقت کو بڑھانے، مارکیٹ اور اِدارہ جاتی رسائی کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں کاروباری اِداروں کی دیرپا ترقی کی حمایت پر توجہ دی گئی ہے۔ڈائریکٹوریٹ نے عام لوگوں، دستکاری کے شائقین، سیاحوں، محققین اور کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے میں دلچسپی رکھنے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر جمعہ رات ساڑھے آٹھ بجے ڈِی ڈِی کاشر پر ’’ہنر نامہ : دی کرافٹ سٹوری‘‘ دیکھیں اور کشمیر کی عالمی شہرت یافتہ دستکاریوں کے پیچھے چھپی فنکاری، وراثت اور انسانی کہانیوں سے روشناس ہوں۔










