سرینگر// یو این ایس / نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور عیدگاہ حلقہ انتخاب کے رکن اسمبلی مبارک گل کو کابینہ میں شامل نہ کیے جانے کے خلاف بدھ کے روز ان کے حامیوں نے سری نگر کی پریس کالونی میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مبارک گل کو کابینہ میں جگہ دی جائے، بصورت دیگر وہ پارٹی سے استعفیٰ دیں۔احتجاج میں شامل افراد سفید کفن پہنے ہوئے تھے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر مبارک گل کو کابینہ وزیر بنانے کے مطالبات درج تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے نعرے لگائے، ”عیدگاہ کے ساتھ انصاف کرو، مبارک گل کو کابینہ وزیر بناو ¿۔“ اس کے علاوہ بعض مظاہرین نے ”گل صاحب، استعفیٰ دو“ کے نعرے بھی بلند کیے۔احتجاج میں شامل ایک شخص نے کہا کہ مبارک گل نے سات انتخابات میں حصہ لیا اور ہر مرتبہ کامیابی حاصل کی، لیکن اس کے باوجود پارٹی نے ان سے کیے گئے وعدے کو پورا نہیں کیا۔مظاہرین کے مطابق، فاروق عبداللہ نے مبارک گل کو کابینہ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور ایک روز قبل تک ان کا نام وزارتی فہرست میں شامل تھا، تاہم آخری وقت میں انہیں کابینہ میں جگہ نہیں دی گئی۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے منگل کے روز کابینہ میں توسیع کے دوران عیدگاہ سے چھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے مبارک گل کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔بعد ازاں نیشنل کانفرنس نے مبارک گل کو پارٹی کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا، تاہم اس تقرری کے باوجود ان کے بعض حامیوں میں ناراضگی برقرار رہی۔مظاہرین نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ مبارک گل کی سیاسی خدمات اور انتخابی کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کابینہ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔










