سکینہ اِیتو نے وومنز کالج سری نگر میں نئے تعمیر شدہ اِنتظامی بلاک کا اِفتتاح کیا

سکینہ اِیتو نے وومنز کالج سری نگر میں نئے تعمیر شدہ اِنتظامی بلاک کا اِفتتاح کیا

معیاری تعلیم ، بہتر بنیادی ڈھانچے اور طلبأپر مبنی سہولیات پر زور دِیا

سری نگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ وومنز کالج ایم اے روڈ سری نگر میں نئے تعمیر شدہ اِنتظامی بلاک کا اِفتتاح کیاجو اس ممتاز خواتین تعلیمی اِدارے کے اِدارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔اُنہوں نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔اُنہوں نے کہاکہ تعلیم کی مؤثر فراہمی اور طلبأکی مجموعی نشوونما کے لئے ایک اچھی سہولیات سے آراستہ تعلیمی ماحول ناگزیر ہے۔وزیر موصوفہ نے کہا،’’حکومت کی کوشش ہے کہ جموں و کشمیرکے تمام تعلیمی اِداروں میں ایک سازگار اور طلبأ دوست ماحول میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے ضروری بنیادی ڈھانچہ اور سہولیات دستیاب ہوں۔ کالجوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا محض تعمیراتی اثاثے کھڑے کرنا نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد مجموعی تعلیمی نظام کو بہتر بنانا اور ہمارے اِداروں کو زیادہ مؤثر طریقے سے کام کرنے کے قابل بنانا ہے۔‘‘ اُنہوںنے کہا کہ خواتین کی تعلیم حکومت کے ایک جامع اور ترقی پسند معاشرے کے ویژن میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اِداروں کو نوجوان خواتین کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے، اَپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور معاشرے میں بڑی ذِمہ داریوں کے لئے خود کو تیار کرنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔
وزیرتعلیم نے کہا،’’معیاری تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااِختیار بنانا ہماری اوّلین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ ہمارے کالجوں کو علم، خود اعتمادی اور بہترین کارکردگی کے مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے جہاں نوجوان خواتین کو وہ علم، مہارتیں اور مواقع فراہم کئے جائیں جو ان کے مستقبل کو سنوارنے اور معاشرے میں بامعنی کردار اَدا کرنے کے لئے ضروری ہیں۔‘‘ اُنہوںنے مزید کہا کہ تعلیمی اِداروں کو بنیادی ڈھانچے، اِنتظامی کارکردگی اور تعلیمی خدمات کے معیار میں مسلسل بہتری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اِداروں میں قائم کی گئی سہولیات کے مؤثر اِستعمال کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جائیں تاکہ طلبأ اور عملے دونوں کے لئے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے اعلیٰ تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اِدارہ جاتی سہولیات کو بہتر بنانے اور ایسا سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے مربوط کوششیں کی جا رہی ہیں جو تعلیمی ترقی، اختراعات اور طلبأ کی ہمہ جہت نشوونما میں معاون ثابت ہو۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ حال ہی میں اِفتتاح کی گئی یہ سہولیت اِنتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور اس اِدارے میں تعلیمی و اِدارہ جاتی ماحول کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔اِس موقعہ پر پرنسپل گورنمنٹ کالج فار وومن ڈاکٹر یاسمین فاروق، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شفقت اِقبال، نوڈل پرنسپل (کشمیر ڈویژن کالج) ڈاکٹر سیما ناز، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے دیگر سینئر اَفسران اور کالج کے اَساتذہ بھی موجود تھے۔