dooran

سوپور پولیس کے اہتمام سے تھانہ دیوس کا انعقاد

ایس ایس پی نے عوامی مسائل سنے، ٹریفک جام، غیر قانونی پارکنگ، منشیات اور اسکولوں کے باہر ہراسانی کے معاملات پر بحث

سرینگر// یو این ایس / سوپور پولیس نے آج آئی ٹی آئی سوپور میں تھانہ دیوس کا انعقاد کیا، جس کی صدارت ایس ایس پی سوپورنیہا جین، آئی پی ایس نے کی۔ پروگرام میں قصبہ سوپور اور زینگیر کے معزز شہریوں، تاجروں اور محلہ نمائندوں نے شرکت کی اور نئی ایس ایس پی کا خیرمقدم کیا۔پروگرام کے دوران شرکاءنے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اٹھائے اور ان کے حل کے لیے پولیس سے مداخلت کی اپیل کی۔ تاجروں اور مقامی نمائندوں نے سوپور کی سڑکوں پر نجی گاڑیوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے، بار بار ٹریفک جام ہونے، غیر قانونی پارکنگ اور تجارتی گاڑیوں سے سامان کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کو منظم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔شرکاءنے قصبے کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ڈیوائیڈرز تعمیر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ بغیر دستاویزات والی گاڑیوں، تیز رفتاری اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام سے متعلق معاملات بھی اٹھائے گئے۔پروگرام میں منشیات کی خرید و فروخت، سائبر جرائم، گھریلو تشدد اور دیگر سماجی برائیوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ شرکاءنے امن و امان کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں، طالبات کو ہراساں کرنے اور اسکولوں کے باہر گندگی اور بدنظمی کے مسائل کی نشاندہی کی۔انہوں نے اسکولوں اور اسپتالوں کے 200 میٹر کے دائرے میں سگریٹ اور غیر صحت بخش جنک فوڈ کی فروخت روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ تہواروں اور عوامی اجتماعات کے دوران مناسب پولیس تعیناتی، ہراسانی کی روک تھام، پولیس کے منصفانہ اور احترام پر مبنی رویے اور تاجروں کے ساتھ بہتر تال میل کا مطالبہ کیا گیا۔شرکا ءنے سوپور میں امن و امان برقرار رکھنے اور منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے پولیس کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایسے پروگراموں میں محلہ نمائندوں کو باقاعدگی سے مدعو کیا جانا چاہیے۔ایس ایس پی نیہا جین نے شرکائ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور جاری کاموں کو مختصر مدت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ براہِ راست رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے ان کا دفتر ہر شہری کے لیے کھلا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ پروگرام میں موجود پولیس افسران نے عوامی شکایات غور سے سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ جائز مسائل جلد حل کیے جائیں گے، تاکہ ہر شخص اپنے خاندان کی کفالت عزت اور وقار کے ساتھ کر سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی سوپور سرفراز بشیر، ایس ڈی پی او سوپور محمد رفیع شاہ، ایس ایچ او سوپور انسپکٹر افتخار حسین، بس اسٹینڈ پولیس پوسٹ کے انچارج محمد شعیب، وارپورہ پولیس پوسٹ کے انچارج راشد خان، فروٹ منڈی پولیس پوسٹ کے انچارج اویس نور اور سوپور پولیس و سی آر پی ایف کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سوپور پولیس نے پروگرام میں تعاون کرنے اور قصبے میں امن قائم رکھنے کے لیے عوام کی کوششوں کو سراہا۔