مواصلاتی حکمت عملی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے مؤثر اِستعمال کی ہدایت
سری نگر// ممتا یادَو آئی اے ایس نے جموںوکشمیر میں ڈائریکٹر اِنفارمیشن کا عہدہ سنبھال لیا اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈِی آئی پی آر ) کے اَفسران اور عملے کے ساتھ تعارفی ملاقات کی۔ اِس موقعہ پر ڈائریکٹر نے حکومت اور لوگوںکے درمیان مؤثر رابطے کو یقینی بنانے میں محکمہ اطلاعات کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے حکومت کی پالیسیوں، ترقیاتی اقدامات اور عوامی فلاحی پروگراموں سے متعلق معلومات کے شفاف ، درست، بروقت اور وسیع تر رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر صاحبہ نے میڈیا کے بدلتے ہوئے منظرنامے سے ہم آہنگ ہونے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محکمے کی رسائی کوبڑھانے اور عوامی رابطوں کو مستحکم کرنے کے لئے دیجیٹل پلیٹ فارموں اور جدید مواصلاتی ذرائع کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات (ہیڈکوارٹرز) ڈاکٹر ظہور احمد رینہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات (پی آر اینڈ اے وی) جاوید احمد راتھر کے علاوہ محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے دیگر سینئر افسران اورملازمین بھی موجود تھے۔بعد میںڈائریکٹر صاحبہ نے محکمے کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور ان کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔










