سکینہ اِیتو نے جے کے ڈبلیو ڈِی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 31 ویں میٹنگ کی صدارت کی

سکینہ اِیتو نے جے کے ڈبلیو ڈِی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 31 ویں میٹنگ کی صدارت کی

خواتین کاروباری اَفراد کو بااِختیار بنانے کیلئے کارکردگی اور شفافیت پر زور

سری نگر//وزیر برائے سماجی بہبود، تعلیم، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ایس کے آئی سی سی سری نگرمیں جموں و کشمیر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے ڈبلیو ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 31ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر دائفوڈے ساگر دتاترے ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ڈبلیو ڈی سی پورنیما متل،پلاننگ اینڈ فائنانس ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر کے نمائندوں اور نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی ایپکس کارپوریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ بورڈ نے کارپوریشن کے امور سے متعلق مختلف اہم اِنتظامی، مالی اور پالیسی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا اور کئی اہم فیصلے لئے۔وزیر موصوفہ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کارپوریشن کے کام کاج میں مزید بہتری، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ فلاحی اور ترقیاتی سکیموں کے فوائد مستحق خواتین استفادہ کنندگان تک بروقت پہنچانے کے لئے مربوط اور مرکوز حکمت عملی اَپنائی جائے۔اُنہوںنے خواتین کاروباری اَفراد کے لئے مالی اِمداد، خود روزگار کے مواقع اور دیگر معاون اَقدامات تک رسائی کو آسان بنانے کی خاطر اِدارہ جاتی میکانزم کو مضبوط کرنے ، طریقۂ کار کو آسان بنانے اور متعلقہ شراکت داروں کے شراکت داروں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے پر زور دیا۔وزیر نے کہا ،’’ فلاحی اَقدامات کا نتیجہ اِستفادہ کنندگان کی سماجی و اِقتصادی حالت میں واضح بہتر آنی چاہیے بالخصوص ایسے اقدامات کے ذریعے جو کاروباری سرگرمیوں، دیرپاذریعہ معاش اور معاشی خود انحصاری کو فروغ دیتے ہوں۔‘‘اُنہوں نے کارپوریشن کو ہدایت دی کہ اِستفادہ کنندگان اور کمیونٹی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا رکھے، اُبھرتی ہوئی ضروریات کی نشاندہی کی جائے اور مقررہ ضابطوں کے دائرے میں حقیقی مسائل اور شکایات کے ازالے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔سکینہ اِیتو نے کارپوریشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفافیت، جوابدہی، کارکردگی اور بورڈ کی جانب سے لئے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔دوران میٹنگ بورڈ نے کارپوریشن کو ہدایت دی کہ واجب الاداقرضوں کی وصولی کے عمل میں تیزی لائی جائے بالخصوص طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔواجبات کی وصولی کے لئے تمام جائز اقدامات کئے جائیں تاکہ مؤثر پیروی اور بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے مختلف اسکیموں کے تحت رقوم کی وصولی اور تقسیم کے لیے آن لائن نظام کے قیام کے بارے میں بھی دریافت کیا۔بورڈ نے مالی برس 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی جن میں کارپوریشن کی آمدنی اور سرمایہ جاتی ضروریات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ اس کے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اِس کے علاوہ بورڈ نے مالی برس 2024-25 کے مالیاتی گوشواروں کی بھی منظوری دی جنہیں آڈٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔بورڈ نے مالیاتی نظم و ضبط کو مزید مستحکم بنانے،واجب الادا قرضوں کی بہتر وصولی، منظور شدہ پروگراموں پر بروقت عمل درآمد اور مستحق خواتین کاروباری اَفراد تک فوائد کی مؤثر فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔