بنگلہ دیش میں کرکٹ کا نیا دھماکہ، لانچ کیا دنیا کا پہلا ’آل فارمیٹ ٹورنامنٹ‘

بنگلہ دیش میں کرکٹ کا نیا دھماکہ، لانچ کیا دنیا کا پہلا ’آل فارمیٹ ٹورنامنٹ‘

بنگلہ دیش نے کرکٹ کے شعبہ میں ایک نیا دھماکہ کرنے کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ تمیم اقبال کی صدارت والے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ’ڈی 3‘ (ڈومیسٹک 3) ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے، جو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ بنگلہ دیش کے 27-2026 کے ڈومیسٹک سیزن میں منعقد ہوگا۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ ’ڈی 3‘ ٹورنامنٹ میں فرنچائزی ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے کرکٹ کی دنیا کے بڑے ناموں، یعنی ہندوستان سے لے کر انگلینڈ اور آسٹریلیا تک، کسی نے بھی فرسٹ کلاس اور یک روزہ فارمیٹس میں فرنچائزی مقابلوں کا آغاز نہیں کیا ہے۔
6کمپنیوں نے ڈی 3میں حصہ لینے والی فرنچائزیز خریدی ہیں، جو فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی-20 میچ بھی کھیلیں گی۔ بی سی بی نے تمام فرنچائزیز کے ساتھ 3 سال کا معاہدہ کیا ہے اور ہر سیزن میں ٹیمیں تینوں فارمیٹس میں مقابلے کھیلیں گی۔ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق ڈی 3 مقابلے کا آغاز ٹی-20 ٹورنامنٹ سے ہوگا، جس کی شروعات 15 ستمبر سے ہو سکتی ہے۔
اس کے بعد جنوری میں فرسٹ کلاس اور مئی میں یک روزہ ٹورنامنٹ کھیلا جا سکتا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی ڈومیسٹک کرکٹ میں رنگ بھرنے کے لیے اس مقابلے کا آغاز کیا گیا ہے۔ فرنچائز مالکان بی سی بی کو 2.5 کروڑ بنگلہ دیشی ٹکا کی رقم ادا کریں گے۔
ابھی تک 6 فرنچائزیز کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے، لیکن تمام ٹیموں کے آئیکن کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان 6 کھلاڑیوں میں مہدی حسن میراز، توحید ہردوئے، مصدق حسین، مشفق الرحیم، محمد نعیم اور نورالحسن شامل ہوں گے۔ یہ ڈی 3 مقابلہ بنگلہ دیش کے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی-20 ٹورنامنٹس کو ایک ساتھ جوڑنے کا کام کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کا ڈومیسٹک سیزن 3 اکتوبر سے شروع ہوگا، جس میں این سی ایل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔ یہ علاقائی سطح کا ٹورنامنٹ ہے، جسے 8 الگ الگ ڈویژن میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بی سی بی نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے، جب اگست کے مہینے میں بورڈ نے مالی خسارے کے باعث بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کو معطل کر دیا تھا۔ ابھی تک بی پی ایل کی بحالی کے بارے میں کوئی تازہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے، تاہم لیگ کو بنیادی طور پر مضبوط بنانے کے دعوے ضرور کیے گئے ہیں۔