انیل کمار نے ’وائبرنٹ وِلیج پروگرام ‘ مرحلہ دوم کے تحت سرحدی دیہات بوبیا اور گجنال کا دورہ کیا

انیل کمار نے ’وائبرنٹ وِلیج پروگرام ‘ مرحلہ دوم کے تحت سرحدی دیہات بوبیا اور گجنال کا دورہ کیا

کٹھوعہ// ایڈیشنل چیف سیکرٹری (اے سی ایس) محکمہ پبلک ورکس (آر اینڈ بی)انیل کمار سنگھ نے ’وائبرنٹ وِلیج پروگرام ‘مرحلہ دوم (وِی وِی پی ۔2)کے تحت ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں واقع سرحدی دیہات بوبیا اور گجنال کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راجیش شرما ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ مہما مدن، سب ڈویژنل مجسٹریٹ ہیرانگر پھلیل سنگھ، محکمہ تعمیراتِ عامہ کے چیف اِنجینئران، پی ایم جی ایس وائی اورآر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو اِنجینئران، متعلقہ دیہاتوں کے نوڈل اَفسران اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سرحدی دیہاتوں کے ممتاز شہریوں اور مقامی باشندوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل و مطالبات کو بغو ر سُنا۔ اس دوران سرحد کے قریب واقع اَراضی پر کاشت کاری کو آسان بنانے اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مقامی آبادی کے روزگار کے مواقع بہتر بنانے کے لئے ’لفٹ اری گیشن ‘کی سہولیات نصب کرنے کی ضرورت پر خصوصی زور دیا گیا۔انیل کمار نے بتایا کہ جموں و کشمیر یوٹی میں تقریباً 65,000 کروڑ روپے مالیت کے پبلک ورکس ڈِیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈِی) منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ اتنی ہی مالیت کے مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔اُنہوں نے ’ وائبرنٹ ولیج پروگرام ‘ مرحلہ دوم کے تحت گجنال اور بوبیا کے لئے مختص منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ تمام شناخت شدہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔اُنہوں نے منیاری سے بھلسَن دا کھو تک سڑک کی تعمیر کے مطالبے کے سلسلے میں پی ڈبلیو ڈِی ہیرانگر کو ہدایت دی کہ مزید ضروری کارروائی کے لئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) پیش کی جائے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے اپنے اِفتتاحی خطاب میں وِی وِی پی ۔2 کے وسیع تر مقاصد اور پروگرام کے تحت نشاندہی کئے گئے دیہات میں مجوزہ ترقیاتی اَقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ اِس پروگرام کے مرحلہ دوم میں شامل کرنے کے لئے ہیرانگر اورمڑہین بلاکوںکے 6 دیہات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بوبیا اور گجنال کے وِلیج ڈیولپمنٹ پلانر متعلقہ نوڈل اَفسران نے پیش کئے جن میںدیہی ترقی، جل شکتی، پبلک ورکس (آر اینڈ بی)، تعلیم، صحت اور بجلی کی ترقی سمیت دیگر مقامی اہمیت کے شعبوں میں مجوزہ اَقدامات اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات شامل تھیں۔انیل کمارنے یقین دِلایا کہ مقامی باشندوں کی طرف سے پیش کئے گئے تمام جائز مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور مناسب کارروائی کے لئے انہیں متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔