نوح(ہریانہ)//نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری نے نوح میوات ہریانہ میں منعقدہ ’’سمان دیوس‘‘ تقریب میں شرکت کی جوہندوستان کے سابق نائب وزیراعظم جن نائیک چودھری دیوی لال جی کی 113ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر منائی گئی۔ اِس موقعہ پر نائب وزیرِ اعلیٰ نے ابھے سنگھ چوٹالہ کے ہمراہ چودھری دیوی لال جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کسانوں، مزدوروں اور عام لوگوں کے ساتھ ا ن کے دیرینہ تعلق کو یاد کیا۔اس موقعہ پر سریندر کمار چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری دیوی لال جی کسانوں اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی بہبود کے لئے اپنی طویل عرصے کی وابستگی کی وجہ سے ملک کی عوامی زِندگی میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کی زِندگی اور عوامی خدمات کو عام لوگوں کے ساتھ ان کے تعلق اور ان کے مسائل کے تئیں ان کی لگن کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ’ سمان دیوس ‘ جیسے مواقع عوامی خدمت کے لئے اَپنی زِندگی وقف کرنے والے عوامی شخصیات کی خدمات کو یاد کرنے اور معاشرتی ذِمہ داری، وقار اور عوام کی خدمت جیسے اقدار پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔سریندرکمار چودھری نے جن نائیک چودھری دیوی لال جی کی دیرپا میراث کے تئیں بھی اَپنا احترام ظاہر کیا اور ’سمان دیوس ‘ تقریب میں جمع لوگوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔اِس تقریب میں ابھے سنگھ چوٹالہ کے علاوہ دیگر رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے شرکأ نے شرکت کی۔










