نوجوان نسل کا سماجی خدمت سے جڑنا ملک کے مستقبل کیلئے اہم

نوجوان نسل کا سماجی خدمت سے جڑنا ملک کے مستقبل کیلئے اہم

گزشتہ 12سال میںشہروں اور دیہات کے درمیان فرق میں نمایاں کمی / وزیر اعظم مودی

سرینگر / این این بی // ترقی یافتہ اور مضبوط ہندوستان یعنی ’وکست بھارت‘ کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب ملک کے ہر شہری کی شمولیت، تعاون اور فعال شرکت یقینی بنائی جائے کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی ترقی صرف حکومت کی کوششوں سے نہیں بلکہ عوام کی اجتماعی شرکت اور خدمت کے جذبے سے ہی مکمل ہوسکتی ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق سیوا سنکلپ ابھیان کے تحت وارانسی سے وڈنگر تک یاترا پر روانہ ہونے والے ’سیوا یاتریوں‘ کے ساتھ ورچوئل گفتگو کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے یاتریوں سے ان کے سفر، خدمت کے تجربات اور اس مہم سے وابستہ سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وڈنگر نے انہیں زندگی کی وہ اقدار عطا کیں جنہوں نے ان کی شخصیت اور سوچ کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کاشی نے ان اقدار میں خدمت کے بے شمار رنگ شامل کیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشی اور وڈنگر سے جڑی یادیں اور تجربات ان کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملک کے نوجوان بھی خدمت کے جذبے کے ساتھ اس سفر کا حصہ بن رہے ہیں اور اپنی توانائی، تجربات اور مختلف النوع خدمات کے ذریعے اس یاترا کو مزید بامعنی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا سماجی خدمت سے جڑنا ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہے۔وزیر اعظم نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک میں ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہروں اور دیہات کے درمیان فرق میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، رابطہ سڑکوں، سہولیات اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں بہتری آئی ہے، جس سے دیہی آبادی کے معیارِ زندگی میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔انہوں نے ملک کی خواتین میں بڑھتی ہوئی خود انحصاری کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم کے مطابق خواتین کی معاشی اور سماجی خود کفالت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس پیش رفت کو ملک کی مجموعی ترقی کا ایک اہم پہلو قرار دیا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جانب سے بیان کیے گئے سات اہم اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خدمت، توازن، صبر، ہم آہنگی، مثبت سوچ، حساسیت اور مکالمہ سماج اور عوامی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنڈت دین دیال اپادھیائے نے خدمت اور سماج کے آخری فرد تک پہنچنے کے جذبے کو اہمیت دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہر بی جے پی کارکن پنڈت دین دیال اپادھیائے کی دکھائی ہوئی راہ پر خدمت کے جذبے کے ساتھ چلنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ورچوئل گفتگو کے دوران سیوا یاتریوں نے وزیر اعظم کے ساتھ یاترا کے دوران حاصل ہونے والے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔ یاتریوں نے سفر کے مختلف مراحل، لوگوں سے ملاقاتوں اور خدمت سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں اپنے مشاہدات وزیر اعظم کے سامنے رکھے۔وزیر اعظم نے یاتریوں سے کہا کہ وہ یاترا کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کو باقاعدگی سے اپنی ڈائری میں قلمبند کریں۔ انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات، ملاقاتیں اور سیکھنے کے تجربات مستقبل میں ایک اہم یادگار کے طور پر محفوظ رہ سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے سیوا یاتریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کا جذبہ سماج کو جوڑنے اور ملک کی ترقی میں ہر فرد کی شمولیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سمیت تمام شرکا پر زور دیا کہ وہ خدمت کے اس جذبے کو آگے بڑھائیں اور اپنے تجربات کو سماج کی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔