دھرمسالہ کھم پورہ سریا کو وان پورہ سے ملانے والے پُل کی بنیاد رکھی
بڈگام//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر مسٹر عبدالرحیم راتھر نے چاڈورہ کے ٹنگنار شیخ پورہ میں اندرونی لنک سڑکوں کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ۔ یہ سڑکیں کل 2.4 کلو میٹر لمبی ہیں اور ان پر تقریباً 25 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے ۔ نئی تیار کردہ سڑکیں علاقے کے اندر رابطہ بہتر بنانے اور مقامی آبادی کو بہتر اور زیادہ آسان نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں ۔ ان اندرونی لنک سڑکوں کی تعمیر سے رہائشیوں ، طلبہ ، کسانوں اور دیگر مسافروں کی آمدورفت آسان ہونے کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں سے رابطہ بھی مضبوط ہونے کی توقع ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر موصوف نے دیہی علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور سڑکوں کی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی طرح تیار کردہ سڑکوں کا انفراسٹرکچر تعلیم ، صحت ، منڈیوں اور دیگر ضروری خدمات تک بہتر رسائی کو یقینی بنانے کیلئے لازمی ہے جبکہ یہ کمیونٹیز کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔ بعد ازاں اسپیکر موصوف نے گاؤں دھرم سالہ کھم پورہ سریا کو گاؤں وان پورہ سے ملانے والے پُل کی بنیاد رکھی ۔ اسپیکر نے کہا کہ یہ پُل علاقے کے لوگوں کی طویل عرصے سے رابطے کی ضرورت کو پورا کرے گا اور ملحقہ آبادیوں کے درمیان مواصلات کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا ۔ انہوں نے مقامی آبادی کی حقیقی ضروریات کی بنیاد پر انفراسٹرکچر منصوبوں کو اٹھانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ ایسے کام مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں ۔










