سری نگر// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقعے پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو دلی مُبارک بادپیش کی ہے۔ یہ دن حضرت محمد مصطفی کی ولادت باسعادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اُنہوںنے اَپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ مقدس دِن ہمیں ہمدردی، مہربانی اور اِنسانیت کی خدمت جیسی لازوال اقدار کی یاد دِلاتا ہے جو نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات کا بنیادی جوہر ہیں۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ بابرکت اور مبارک موقع لوگوں کو اخوت کے رِشتوں کو مضبوط بنانے، امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے اِجتماعی طور پر کام کرنے کی ترغیب دے گا۔وزیر موصوفہ نے کہا، ’’اس بابرکت موقعہ پر آئیے ہم عہد کریں کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ کی دکھائی ہوئی سچائی، ہمدردی اور بے لوث خدمت کے راستے پر چلیں گے۔‘‘اُنہوںنے اِس بات پر بھی زور دیا کہ اس بابرکت اور مقدس دن کو منانے کا حقیقی طریقہ یہ ہے کہ ہم اَپنی روزمرہ زِندگی میں ہمدردی، صبر اور باہمی احترام کی اقدار کو اَپنائیں۔سکینہ اِیتو نے تمام شہریوں بالخصوص جموں و کشمیر کے لوگوںکے اَمن، خوشحالی اور بھلائی کے لئے بھی دُعا کی۔










