سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سکولی تعلیم کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں سینئر سیکنڈری تعلیم تک رسائی کو مضبوط بنانے اورہائیر سکینڈری سطح پر مجموعی انرولمنٹ ریشو( جی اِی آر) میں بہتری لانے کے لئے جامع روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ضروریات،بنیادی ڈھانچے، لیبارٹریوں اور دیگر ضروری سہولیات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 714 ہائی سکولوں کوکے۔12 جامع سکولوں میں اَپ گریڈ کرنے کے مرحلہ وار منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تجویز کردہ اَپ گریڈیشن کا مقصد سکولی تعلیم میں تسلسل کو یقینی بنانا، جماعت یازدہم اور دوازدہم تک رسائی کو وسعت دینا اور دسویں جماعت کے بعد اہم مرحلے پر، خاص طور پر پسماندہ اور جغرافیائی طور پر دور دراز علاقوں میں، سکول چھوڑنے کے رجحان میں کمی لانا ہے۔مجوزہ اَپ گریڈیشن کا مقصد سکولی تعلیم میں تسلسل کو یقینی بنانا، جماعت گیارہویں اور بارہویں تک رسائی کو وسعت دینا اور دسویں جماعت کے بعد کے اہم مرحلے بالخصوص ان علاقوں میں جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں اور جغرافیائی طور پر دُور دراز علاقوں میں طلبأ کے سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنا ہے۔میٹنگ میں موجودہ انسانی وسائل کے بہتر اِستعمال، تعلیمی سہولیات کو مضبوط بنانے اور سکول کے مجموعی نیٹ ورک کو بہتر بنانے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ روڈ میپ میں توسیع کے لئے ایک منصوبہ بند اور ضروریات پر مبنی طریقۂ کاروضع کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ مرکز ی معاونت ولی سکیموں کے تحت ضروری تعاون کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ رابطہ کاری بھی شامل ہے۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سینئر سکینڈری تعلیم کو وسعت دینے کے لئے ایک مرکوز اور ضرورت پر مبنی حکمت عملی اِختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں رَسائی کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر بھر کے طلبأ کے لئے بہتر تعلیمی مواقع یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔میٹنگ میں وزیر برائے تعلیم سکینہ ایتو، وزیرِ اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اے سی ایس پی ڈبلیو ڈی انیل کمار سنگھ، اے سی ایس فائنانس شیلندر کمار، کمشنر سیکرٹری پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ آر ایلس ویز، کمشنر سیکرٹری تعلیم رام نواس شرما، مشن ڈائریکٹر سماگرا، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔










