عوامی اِجتماع سے خطاب کیا اور عوامی مسائل سُنے
کولگام//وزیربرائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت اور طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کھلوراڈِی ایچ پورہ میںگورنمنٹ آیوش ڈسپنسری کے لئے نئی تعمیر شدہ آیوش عمارت کا اِفتتاح کیا۔گاؤں میں ہیلتھ کیئر سینٹر کا اِفتتاح مقامی آبادی اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کے لئے آیوش پر مبنی ہیلتھ کیئرخدمات تک رسائی بڑھانے اور صحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ایک بہت ضرورت تھی۔کل 30 لاکھ روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر کی گئی یہ آیوش سہولیت بنیادی سطح پر آیوش طبی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور خطے میں موجودہ صحت بنیادی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے قائم کی گئی ہے۔یہ سہولیت طب کے روایتی نظام کو فروغ دینے اور آیوش خدمات کی وسیع تر دستیابی کو یقینی بنانے بالخصوص دیہی اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی ۔وزیر موصوفہ نے دیہی علاقوں میں بنیادی صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کے لئے قابلِ رَسائی اور معیاری طبی خدمات کو یقینی بنانے کی سمت میں متعدد اقدامات کر رہی ہے۔اُنہوںنے کھلورا میں ایک عوامی اِجتماع سے بھی خطاب کیا اور مقامی باشندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل اور مشکلات سنے۔ اُنہوں نے مختلف ترقیاتی اور عوامی خدمات سے متعلق امور پر عوام سے رائے بھی لی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ لوگوںکے جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کی جانب سے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدمیں وزیر سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے آئی سی ڈِی ایس (پوشن ابھیان) کے تحت زون ڈِی ایچ پورہ میں حال ہی میں تعینات کی گئی آنگن واڑی ہیلپروں کو تقرری نامے سونپے۔وزیر موصوفہ کے ہمراہ ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر اجے کمارتکو، چیف ایجوکیشن آفیسر کولگام فیاض احمد میر، چیف میڈیکل آفیسر کولگام شوکت احمد پرے، سی ڈِی پی او صدام حسین، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایچ اِی ڈویژن کولگام، ایگزیکٹیو اِنجینئر، پی ڈبلیو ڈِی (آر اینڈ بی) ڈویژن کولگام،ڈی ایچ پورہ، ڈِسٹرکٹ نوڈل آفیسر آیوش کولگام اور دیگر متعلقہ اَفسران و ملازمین موجود تھے۔










