دیرپا پانی کے تحفظ اور مربوط ترقی پر زور
سانبہ//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے آج راجپورہ کولربڑی براہمناسانبہ میں ایک عوامی رسائی پروگرام کا اِنعقاد کیا جہاں اُنہوں نے لوگوں کے شکایات اور ترقیاتی مسائل سُنے۔اِس رَسائی پروگرام کا مقصد لوگوں کے ساتھ روبرو ملنا اور علاقے سے متعلق ترقیاتی امور پر رائے حاصل کرنا تھا۔عوامی رسائی کیمپ میں چیف اِنجینئر جل شکتی،آئی اینڈ ایف سی، چیف کنزرویٹر فارسٹ (ایسٹ) جموں، ایگزیکٹیو اِنجینئر آئی اینڈ ایف سی اور پی ایچ اِی سانبہ، ایس ڈِی ایم وِجے پور، بی ڈی او بڑی براہمنا، ایگزیکٹیو اِنجینئر گراؤنڈ واٹر جموں، ڈی ایف او سانبہ سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔لوگوں نے متعدد ترقیاتی مطالبات پیش کئے اور وزیر موصوف کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا جن میں متعلقہ محکموں کی مداخلت کی ضرورت ہے۔عوامی رسائی پروگرام کے دوران پانی کا تحفظ ایک اہم تشویش کے طور پر اُبھراجس میں لوگوں نے پانی کی دستیابی سے متعلق مسائل کو اُجاگر کیا اور وزیر سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے دیرپا اور طویل المدتی اقدامات کئے جائیں۔وزیر جاوید احمد رانا نے مسائل کا جواب دیتے ہوئے زور دیا کہ پانی کے تحفظ کو عارضی اقدامات کے بجائے ایک طویل المدتی ترجیح کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔وزیر جل شکتی نے کہا، ’’ پانی کے تحفظ کو پانی کی قلت کے لئے ایک قلیل مدتی ردعمل کے طور پر نہیں سمجھا جا سکتا، اسے ایک دیرپا اور اِجتماعی ترجیح ہونی چاہیے۔۔ ہمیں عارضی انتظامات سے آگے بڑھ کر طویل المدتی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی جن میںپانی کے تحفظ، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، زیرِ زمین پانی کی بحالی اور دستیاب آبی وسائل کا مؤثر انتظام شامل ہے۔‘‘اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ ایک جامع اور دیرپامنصوبہ تیار کیا جائے تاکہ لوگوں کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے اور پانی کی دستیابی کا دیرپا حل یقینی بنایا جا سکے۔لوگوں نے سیلاب سے تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور علاقے کو سیلاب سے متعلق خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے مؤثر اور دیرپااقدامات کے لئے وزیرموصوف کی مداخلت طلب کی۔وزیر جاوید رانا نے حالیہ بارشوں اور اچانک سیلاب کے دوران تباہ ہوئے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں بھی تشویش کا اِظہار کیا اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے بالخصوص سڑکوں کی مستقل بحالی پر زور دیا تاکہ محفوظ اور ہموار رابطہ یقینی بنایا جا سکے۔لوگوں نے علاقے میں پینے کے پانی کی قابل اعتماد او رمناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پانی کی فراہمی کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ضلع کے لوگوں نے اپنی حقیقی ضروریات کے لئے معیاری لکڑی کی دستیابی کا بھی مطالبہ کیا اور فارسٹ رائٹس ایکٹ کے مناسب اور مؤثر عمل آوری پر زور دیا تاکہ جنگلات پر انحصار کرنے والی کمیونٹیوں کے جائز حقوق اور مسائل کا خیال رکھا جا سکے۔
وزیر موصوف نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا اور کہا کہ اِنتظامیہ علاقے کی مخصوص ترقیاتی ضروریات اور عوامی خدشات سے بخوبی آگاہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے ذریعے عوامی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔وزیر موصوف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رسائی پروگرام اور لوگوں کے ساتھ روبرو بات چیت حکومت کے جوابدہ اور ذمہ دار طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے رابطہ کیمپوں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں تاکہ ان کے مسائل بلاتاخیر حل کئے جا سکیں۔انہوں نے فیلڈ عملے سے مطالبہ کیا کہ وہ متحرک رہیں اوراس بات کو یقینی بنائیں کہ حکومتی اقدامات اور فوائد لوگوں تک مؤثر طریقے سے پہنچیں۔ اُنہوں نے عوامی بیداری اور جوابدہ اِنتظامیہ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ہر اہل شخص اپنے لئے دستیاب فوائد اور خدمات سے مستفید ہو سکے۔وزیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ خطے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کو ہمیشہ اوّلین ترجیح دِی جائے گی۔










